شاہ رخ خان کوہر سال ممتا کے فون کا انتظار کیوں رہتا ہے؟

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
ہر سال ممتا جی کے فون کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے، شاہ رخ خان ؛فوٹوفائل

ہر سال ممتا جی کے فون کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے، شاہ رخ خان ؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے حال ہی میں بیان دیا ہے کہ انہیں ہر سال بھارتی سیاستدان ممتا بینرجی کے فون کا انتطار رہتا ہے اور اگر وہ فون نہیں کرتیں تو شاہ رخ خود انہیں فون کرلیتے ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان گلیمر سے بھرپور چمکتی ہوئی اُس دنیا کے بادشاہ ہیں جس میں اداکاراوراداکاراؤں کے درمیان معمولی بات چیت کو بھی رائی کا پہاڑ بنا دیا جاتا ہے، اگر کوئی اداکار کسی سے ہنس کر بات  کرلے تو میڈیا سو فسانے بنادیتا ہے، لیکن بالی ووڈ میں 25 سالوں سے راج کرنے والے شاہ رخ خان کا آج تک کسی کے ساتھ اسکینڈل سامنے نہیں آیا، شاہ رخ کیرئیرکی ابتدا ہی میں اپنی بچپن کی محبت گوری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے اور آج تک ان کا رشتہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے تاہم اب شاہ رخ خان نے بھارتی سیاستدان ممتا بینرجی سے متعلق بیان دے کر تمام لوگوں کو حیران کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان ایک بارپھرزخمی ہوگئے

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی تہواررکھشہ بندھن قریب ہے اور اس تہوار کو شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے تمام فنکاربڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں شاہ رخ خان بھی اس تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنی سگی اور منہ بولی بہنوں کے ساتھ یہ تہوار مناتے ہیں۔

حال ہی میں شاہ رخ خان نے بیان دیتے ہوئے کہا  کہ وہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بیرجی کو اپنی بڑی بہنوں کی طرح مانتے ہیں اور وہ بھی مجھے اپنا چھوٹا بھائی سمجھتی ہیں اور ہرسال رکھشہ بندھن کے دن مجھے فون کرتی ہیں لہٰذا مجھے ہر سال ان کے فون کا بے صبری سے انتظاررہتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی بہن ذہنی مریضہ کیسے بنیں؟

شاہ رخ خان نے مزید کہا میں اس سال بھی بے چینی سے ممتا کے فون کا انتظار کررہا ہوں کیونکہ وہ مجھے اس تہوار کی مبارک باد کے ساتھ بہت ساری دعائیں بھی دیتی ہیں، اگر مصروفیات کے باعث میں ان کا فون نہیں اٹھا سکوں تو اگلی صبح خود انہیں فون کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ایک بڑی بہن شہناز لالہ رخ ہیں، لیکن شہناز اپنے بھائی کے برعکس میڈیا سے دور رہتی ہیں اور زیادہ تر وقت گھر پر گزارتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔