جماعت اسلامی گلالئی کےمعاملے پر وضاحت دے ، نعیم الحق

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
پی ٹی آئی عائشہ احد کو انصاف دلائے گی، نعیم الحق؛ فوٹوفائل

پی ٹی آئی عائشہ احد کو انصاف دلائے گی، نعیم الحق؛ فوٹوفائل

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے جماعت اسلامی سے  پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی عائشہ گلالئی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر وضاحت مانگ لی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے پشاور جم خانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں کٹھ پتلی وزیر اعظم قراردے دیا۔ نعیم الحق نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی ڈور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہاتھ میں ہے، نواز شریف جو ہدایت دیتے ہیں شاہد خاقان عباسی من وعن اس پر عمل کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حکومت میں عمران خان کو گرفتار کرنے کی ہمت نہیں، نعیم الحق

انہوں نے کہاکہ  نواز شریف اب وزیر اعظم نہیں رہے لہٰذا حکومتی معاملات میں دخل اندازی بند کردیں۔ نعیم الحق نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر سیاست نہ کریں بلکہ عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ اب ہمیشہ کے لیے بند ہوجانا چاہئے کیونکہ عوام سب جانتے ہیں کون کتنے پانی میں ہے، انہوں نے حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی عائشہ احد سے متعلق کہا کہ انہیں عائشہ احد سے ہمدردی ہے اگر عائشہ کے ساتھ کچھ بھی غلط ہوا ہے تو انہیں ضرور انصاف دلائیں گے، اس موقع پر انہوں نے عائشہ گلالئی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی عائشہ گلالئی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر افسوس ہوا ، جماعت اسلامی عائشہ گلالئی کے معاملے پر وضاحت دے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میاں صاحب اپنے گھر کی بہو کیلیے کمیٹی کب بنائیں گے، عائشہ احد

واضح رہے کہ جماعت اسلامی یوتھ ونگ فاٹا کے صدر شاہ جہاں آفریدی نے عائشہ گلالئی کو ٹیلی فون کرکے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، جس پر گلالئی نے کہا تھا کہ تمام آپشنز کھلے ہیں، مستقبل کا لائحہ عمل جلد سامنے لاؤں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔