بھارت نے سری لنکا کو مات دیکر سیریز اپنے نام کرلی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
کوشال مینڈس اور دموتھ کونارتنے کی مزاحمتی سنچریز بھی میزبان ٹیم کو بدترین شکست سے نہ بچا سکیں . فوٹو : آئی سی سی

کوشال مینڈس اور دموتھ کونارتنے کی مزاحمتی سنچریز بھی میزبان ٹیم کو بدترین شکست سے نہ بچا سکیں . فوٹو : آئی سی سی

کولمبو: بھارت نے رویندرا جدیجا کی تباہ کن بولنگ کے سبب دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-2 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

کھیل کے چوتھے روز فالو آن کا شکار سری لنکا نے 2 وکٹ پر 209 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم چائے کے وقفے سے قبل 386 رنز پر پویلین لوٹ گئی، گونارتنے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جدیجا کا شکار بنے، کوشال مینڈس نے بھی تیسرے روز 110 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تھی، اینجلو میتھیوس 36 اور نروشن ڈکویلا 31 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر پائے۔ بھارت کے لیفٹ آرم اسپنر رویندرا جدیجا نے اننگز میں 5 اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشون نے اننگز میں 2 جب کہ مجموعی طور پر 7 کھلاڑی آﺅٹ کیے۔ ہردیک پانڈیا نے 2 جب کہ امیش یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : رویندر جدیجا پر ایک میچ کی پابندی

بھارت نے پہلی اننگز میں وکٹ پر 622 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کردی تھی، چتیشور پجارا133، اجنکیا راہنے 132، جدیجا 70 ناٹ آﺅٹ، وردھمان ساہا 67، لوکیش راہول 57، روی چندرن ایشون 54 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 183 رنز پر آل آﺅٹ ہونے کے ساتھ فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے مسلسل 8 ویں سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔