ایران میں فوجی اڈے پر ساتھی اہلکار کی فائرنگ سے 3 فوجی ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
ممکن ہے کہ حملہ کرنے والا فوجی نفسیاتی مسائل کا شکار ہو، ایرانی فوجی حکام۔ فوٹو: فائل

ممکن ہے کہ حملہ کرنے والا فوجی نفسیاتی مسائل کا شکار ہو، ایرانی فوجی حکام۔ فوٹو: فائل

تہران: ایران کے ایئربیس میں ایک فوجی نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 3 ساتھیوں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کر دیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تہران کے جنوبی علاقے کھریزک میں واقع ایئربیس میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک افسر اور دو سپاہی شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والا فوجی اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ایئرفورس اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے ہیں تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایرانی فوج نے اس سلسلے میں بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واقعہ ملٹری فائرنگ رینج میں پیش آیا۔ فوج کے مطابق ممکن ہے کہ حملہ کرنے والا فوجی نفسیاتی مسائل کا شکار ہو یا پھر یہ بھی ہوسکتا ہے کہ فائرنگ کی پریکٹس کے دوران حادثاتی طور پر بندوق کا رخ فوجیوں کی جانب ہو گیا ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔