ملک کے عوامی وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہی ہیں، سعد رفیق

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
نواز شریف شیر نہیں بلکہ ببر شیر ہیں، سعد رفیق۔ فوٹو: فائل

نواز شریف شیر نہیں بلکہ ببر شیر ہیں، سعد رفیق۔ فوٹو: فائل

سرگودھا: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملک کے عوامی وزیراعظم اب بھی نواز شریف ہی ہیں۔

سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اب ووٹ بھی دیں گے اور ووٹ پر پہرہ بھی دیں گے، نواز شریف کے شیرو! ہمارا لیڈر نواز شریف ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی گالیاں، کبھی دھرنا اور کبھی پارلیمنٹ پر حملہ ہوا، عوام نے نواز شریف کو تیسری بار منتخب کیا لیکن انہیں نکال دیا گیا، پہلے بھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی تھی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 4 سال میں ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا، لوگو! آپ وزیر اعظم بناتے ہو وہ باہر نکال دیتے ہیں لیکن الزام اور فتوے نواز شریف کا راستہ نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف شیر نہیں بلکہ ببر شیر ہیں، (ن) لیگ کو کبھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، صرف نواز شریف کا احتساب قبول نہیں، عوام کے ووٹوں کی توہین برداشت نہیں کی جا سکتی، سازشیں کرنے والے بتائیں کیا وہ فرشتے ہیں؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔