اپوزیشن بڑھکیں نہ مارے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، پرویز خٹک

ایکسپریس نیوز  پير 7 اگست 2017
آئندہ ملک بھر میں حکومت بنائیں گے، میڈیا سے گفتگو، ضلعی حکومتوں کو وسائل کے منصفانہ استعمال کی ہدایت۔ فوٹو: آن لائن

آئندہ ملک بھر میں حکومت بنائیں گے، میڈیا سے گفتگو، ضلعی حکومتوں کو وسائل کے منصفانہ استعمال کی ہدایت۔ فوٹو: آن لائن

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہماری اکثریت مخالفین کی سوچ سے بھی زیادہ ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگر آزاد ممبرز ملاکر 75 اراکین کی حمایت حاصل ہے جبکہ اپوزیشن اراکین کی حمایت اس کے علاوہ ہے۔ صوبائی حکومت کوکوئی مسئلہ ہے نہ ہم اسمبلیاں توڑیںگے، مخالفین کو سمجھ لیناچاہیے کہ ہم آئندہ بھی نہ صرف صوبے میں بلکہ پورے ملک میں حکومت بنائیں گے، مخالفین احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں نہ تو کوئی ان ہاؤس تبدیلی آئے گی اورنہ باہر سے کوئی تبدیلی مسلط کرسکتاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے مخالفین حکومت گرانے کاخواب دیکھنا چھوڑ دیں یہ لوگ زمین پر پتھر گن رہے ہیں، یہ تبدیلی ان کو سمجھ میں نہیں آرہی۔ انھوں نے کہاکہ حقیقت میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پوری طرح مستحکم ہے اور اپناکام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہماری اتحادی جماعت ہے اور اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی حمایت بھی صوبائی حکومت کو حاصل ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوانے فرنٹیئرایجوکیشن فاؤنڈیشن کیلیے پہلے سے منظورشدہ 284 ملین روپے کی گرانٹ کے اجرا کی منظوری دے دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔