میٹرک بورڈ میں مارک شیٹ کے اجرا اور تصدیق کا نیا نظام متعارف

اسٹاف رپورٹر  پير 7 اگست 2017
بورڈکامیٹرک کے نتائج معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرانے کااعلان۔ فوٹو : ایکسپریس

بورڈکامیٹرک کے نتائج معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرانے کااعلان۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک گھنٹے میں مارک شیٹس کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے جبکہ میٹرک کی دستاویزات کی فوری تصدیق بھی محض ایک گھنٹے میں کی جائے گی۔

گزشتہ روز چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرطلبا کے اعزازمیں منعقدہ تقریب کے دوران نئے نظام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  یہ فیصلہ نئے اور پرانے طلبہ وطالبات کوسہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے فیصلے پر عملدرآمد آئندہ چند روز میں شروع ہوجائے گا اور بورڈ میں اپنی مارک شیٹ یا دستاویزات کی تصدیق کے لیے آنے والے محض ایک گھنٹے میں اپنا متعلقہ کام کراسکیں گے۔

اس موقع پر انھوں نے بورڈ کی جانب سے میٹرک کے نتائج معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کیے جانے کااعلان بھی کیا جونتائج کے اجرا کے ساتھ ہی شروع کردی گئی اورسمندرمیں فائبرآپٹیک کیبل کٹ جانے کے سبب انٹرنیٹ میں آنے والے خلل سے بچنے کے لیے لاکھوں طلبہ نے اپنے نتائج اس ایس ایم ایس سروس کے ذریعے معلوم کیے اس موقع پر چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ مارک شیٹ کے حصول کو ایک گھنٹے میں یقینی بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر سعید الدین کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ اب ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اپنے نتائج کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں انھوں نے مزید اعلان کیاکہ اسکروٹنی کے لیے فارم اب آن لائن حاصل کیا جا سکے گا، چیئرمین بورڈنے ماضی میں بورڈ کی خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ کے امتحانی عمل کو بہتر کیا گیا ہے، ثانوی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ کو مزید موثر بنایا گیا ہے طلبہ کی امتحانی کاپیوں کو دوبارہ چیک کیا گیا ہے جس سے غلطی کا اندیشہ کم ہے تاہم اس کے باوجودطلبہ کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ناظم امتحانات اور نائب ناظمین امتحانات پر مشتمل ہو گی یہ کمیٹی نتائج کے حوالے سے طلباء و طالبات کی شکایات کو دور کرنے کے لیے کام کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔