جیل میں غربت بھرے دنوں کو یاد کرکے آنسو آجاتے ہیں،سنجے دت

ویب ڈیسک  پير 7 اگست 2017

ممبئی: بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کا شمار بھارت کے مہنگے ترین اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کے پاس کسی کو بھی دینے کیلئے کچھ نہیں تھا۔

سنجے دت کی زندگی مختلف تنازعات سے بھری پڑی ہے، کیرئیر کی ابتدا میں سنجے دت منشیات کے استعمال کے باعث خبروں کی زد میں رہے۔ بعد ازاں ممبئی دھماکہ کیس میں انہیں طویل مدت تک جیل کی ہوا کھانی پڑی جس سے ان کا کیرئیر متاثر ہوا اور انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک انٹرویو کے دوران سنجے دت نے جیل میں گزارے گئے دنوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے جیل میں بہت مشکل وقت دیکھا ہے جسے یاد کرکے آج بھی ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں، جب کہ جیل میں گزارے گئے دنوں میں انہوں نے بے تحاشہ غربت بھی دیکھی ہے۔

بھارت میں ان دنوں ہندوؤں کا مذہبی تہوار رکھشا بندھن منایا جارہا ہے، سنجے دت کی بہنوں پریا اور نمرتا دت نے اپنے بھائی کے مشکل دنوں کے بارے میں بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ہم رکھشا بندھن کے دن اپنے بھائی سے ملنے جیل جاتے تھے اور ان کے پاس ہمیں دینے کیلئے کچھ نہیں ہوتا تھا۔ ایک بار سنجے دت نے ہمیں 2 روپے کے کوپن دیئے جو انہیں جیل میں ان کے خرچے کیلئے ملے تھے لیکن انہوں نے یہ ہمیں دے دئیے اور روپڑے، ہماری بھی آنکھیں بھر آئیں ہم نے آج تک اپنے بھائی کی جانب سے دئیے جانے والے یہ کوپن سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجے دت نے مسلمانوں کے دل جیت لیے

واضح رہے کہ سنجے دت اپنی سزا پوری کرکے جیل سے رہا ہوچکے ہیں اور اپنی نئی فلم ’’بھومی‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں آدیتی راؤ حیدری ان کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں ،فلم 22 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔