بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کا ٹھگ آف ہندوستان سے متعلق بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 7 اگست 2017

ممبئی: بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان اپنی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے ایکشن سین سے مطمئن نہیں ہیں لہٰذا انہوں نے تمام سین دوبارہ فلمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نامور بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بھارتی فلم انڈسٹری کا مسٹر پرفیکشنسٹ کہا جاتا ہے وہ اپنا ہر کام بخوبی ادا کرتے ہیں اور کام پر بالکل بھی سمجھوتہ نہیں کرتے، بھارتی میڈیا میں ان دنوں عامر خان کی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے چرچے عام  ہیں، فلم کے لیے اپنایا گیا عامر خان  کا منفرد روپ سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے، جب کہ اس فلم کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری کے بگ بی امیتابھ بچن اور عامرخان کی جوڑی ایک ساتھ پہلی بار پردے پر نظر آئے گی لہٰذا اس فلم سے شائقین کو بہت زیادہ توقعات ہیں اسی لیے عامر خان فلم پر کوئی بھی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں چاہے اس کے لیے انہیں اور ان کی ٹیم کو ڈبل محنت کیوں نہ کرنی پڑے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسٹر پرفیکٹ عامر خان دنیا کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور ان کی ٹیم حال ہی میں فلم کے ایکشن سین کی شوٹنگ مکمل کرکے مالٹا سے واپس لوٹی ہے لیکن فلم کے پروڈیوسر آدیتیہ چوپڑا اور عامر خان ایکشن سین سے مطمئن نہیں ہیں لہٰذا انہوں نے تمام سین کو دوبارہ فلمانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم یہ سین مالٹا کی بجائے یش راج اسٹوڈیو میں ہی فلمائے جائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامر خان اور ان کی اہلیہ سوائن فلو کا شکار

واضح رہے کہ ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں عامر خان کے ساتھ  کترینہ کیف، فاطمہ ثنا شیخ اور امیتابھ بچن مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔