شری شانتھ نے عدالت سے آزادی کا پروانہ حاصل کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 8 اگست 2017
فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، بورڈ آفیشل۔ فوٹو : فائل

فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، بورڈ آفیشل۔ فوٹو : فائل

کیرالا: بھارتی پیسر شری شانت نے عدالت سے آزادی کا پروانہ حاصل کرلیا، کیرالا ہائیکورٹ نے فاسٹ بولر پر عائد تاحیات پابندی اٹھا دی۔

سابق بھارتی فاسٹ بولر شری شانتھ2013 کے میگا آئی پی ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث پائے گئے تھے، پولیس نے ان کے ساتھ راجستھان رائلز کے فاسٹ بولرز انکیت چوان اور اجیت چنڈیلا کو بھی گرفتار کیا تھا، بورڈ نے تاحیات پابندی عائد کردی تھی، ان کرکٹرز کواس کیس میں کچھ عرصہ تہاڑ جیل میں بھی گزارنا پڑا تاہم بعد میں دہلی کی ٹرائل کورٹ نے ناکافی شواہد کی وجہ سے انھیں اس کیس سے بری کردیا تھا۔

شری شانتھ نے بی سی سی آئی کی جانب سے پابندی نہ ختم کرنے پر کیرالا ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ جب ٹرائل کورٹ انھیں بری کرچکی تو بورڈ نے کیوں پابندی عائد کی ہوئی ہے؟ جس پر عدالت نے بی سی سی آئی کو شری شانتھ پر عائد پابندی اٹھانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آبزرویشن دی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بھی بی سی سی آئی کی جانب سے پابندی نہ اٹھانا انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔

اس فیصلے پر شری شانتھ نے کہاکہ ان سرد وگرم حالات میں جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا میں ان کا مشکور ہوں،میں انھیں مایوس نہیں کروں گا۔ دوسری جانب بی سی سی آئی نے ابھی شری شانتھ کو کرکٹ میں واپسی کی اجازت دینے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اس بارے میں قائم مقام صدر سی کے کھنہ نے کہاکہ ہماری لیگل کمیٹی پہلے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے گی اس کے بعد ہی اگلا قدم اٹھایا جائے گا، ایک اور بورڈ آفیشل نے کہاکہ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا مگر پہلے ہم تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔