چوتھا ٹیسٹ میں معین علی نے پروٹیز کو اسپن جال میں پھنسا لیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 8 اگست 2017
انگلش ٹیم177 رنزسے فتحیاب، سیریزجیتنے کے19سالہ قحط کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ فوٹو: نیٹ

انگلش ٹیم177 رنزسے فتحیاب، سیریزجیتنے کے19سالہ قحط کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ فوٹو: نیٹ

مانچسٹر: معین علی  نے پروٹیز کو اسپن جال میں پھنسا لیا،انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ میں177 رنز کی فتح سے سیریز3-1 سے اپنے نام کرکے 19 سالہ قحط کا بھی خاتمہ کردیا۔

فتح کیلیے 380 رنزکا تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو18پر دونوں اوپنرز سے محروم ہونا پڑا، جلد ہی ٹیمبا باووما بھی 12 رنز بناکر میدان بدر ہوگئے، اس موقع پر ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹیم کو سنبھالنا چاہا، مگر چوتھی وکٹ کیلیے  120 رنز جوڑنے کے بعد یہ جوڑی ٹوٹ گئی، آملا کے خلاف معین علی کی ایل بی ڈبلیو کی اپیل دھرماسینا نے مسترد کر دی، پھر ریویو پر انگلینڈ نے فیصلہ اپنے حق میں کیا، فاف ڈو پلیسی کو 61 کے انفرادی اسکور پر اینڈرسن نے کاٹ بی ہائنڈ کرایا۔

باقی کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپایا، اس طرح جنوبی افریقی ٹیم 202 رنز پر آئوٹ ہوگئی، معین نے 5 اور اینڈرسن نے 3وکٹیں لیں، یہ انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف 1998 کے بعد پہلی ہوم سیریز کامیابی ہے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے چوتھے دن کھیل کا آغاز 224 رنز 8 وکٹ سے کیا، اس وقت معین 67 رنز پر کھیل رہے تھے، جلد ہی ان کے ساتھی اسٹورٹ براڈ (5) مورن مورکل کی گیند پر ڈی برین کا کیچ بن گئے، اسی جوڑی نے اینڈرسن (2) کو بھی میدان بدر کیا، اس کے ساتھ انگلینڈ کی دوسری اننگز 243 رنز پر تمام ہوگئی۔

معین علی 75 پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور9 چوکے جڑے، مورکل4، اولیور3 اور ربادا2کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔