چور پکڑا گیا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قاتل ابھی رہتا ہے، طاہرالقادری

ویب ڈیسک  منگل 8 اگست 2017

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، چور تو پکڑا گیا لیکن قاتل ابھی رہتا ہے۔

لاہورائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، پانامالیکس میں نوازشریف اور ان کے خاندان کی پکڑ اللہ کا انتقام ہے۔آرٹیکل 63-62 نے جوتے مارکرنوازشریف کو نکالاہے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے جی ٹی روڈ پر نظام کے خلاف احتجاج کیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بددیانت قراردیا تو وہ سازشیں تلاش کررہے ہیں،  نواز شریف میں ہمت ہے تو نام لیں کہ کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا گھر اور وطن ہے، مجھے حکومت کی سیکیورٹی ہر بھروسہ نہیں ، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، کارکنوں کی شہادت کا قصاص ہم لے کر رہیں گے ، چور پکڑا گیا لیکن قاتل ابھی رہتا ہے، آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ناصر باغ میں خطاب میں کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔