دہشت گردی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، چیف جسٹس پاکستان

ویب ڈیسک  منگل 8 اگست 2017

کوئٹہ: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے تاہم ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو حوصلے سے لڑنا ہے۔

سانحہ کوئٹہ کا ایک سال مکمل ہونے پر تعزیتی ریفرنس سےخطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ شہدا نے قربانی دیکر تاریخ رقم کی جب کہ سانحہ کی تعزیت اور مذمت کے لیے الفاظ نہیں، وکلا نے ملک کی خاطر جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، دشمن نہیں چاہتا کہ آزادی کے بعد بھی یہ ملک خوشحال ہو تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو حوصلے سے لڑنا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد نے دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہے کیونکہ اگر دشمن کی سازش کامیاب ہوگئی تو آنے والی نسلوں کوکچھ نہیں دےسکیں گے جب کہ دہشت گردی میں کافی حدتک کمی واقع ہوئی جو کہ خوش آیند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ پر جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی رپورٹ بہت جامع تھی اور عدلیہ اس رپورٹ پر عملدرآمد کرائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔