چور پکڑا گیا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قاتل ابھی رہتا ہے، طاہرالقادری

ویب ڈیسک  منگل 8 اگست 2017
ڈھٹائی کی حد یہ ہے کہ نواز شریف منہ چھپانے کی بجائے سڑک پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں، سربراہ عوامی تحریک . فوٹو : پی پی آئی

ڈھٹائی کی حد یہ ہے کہ نواز شریف منہ چھپانے کی بجائے سڑک پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں، سربراہ عوامی تحریک . فوٹو : پی پی آئی

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، چور تو پکڑا گیا لیکن قاتل ابھی رہتا ہے۔

لاہور کے ناصر باغ میں عوامی تحریک کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ کارکنوں کو کھلا چھوڑ دیا تو کچھ نہیں بچے گا، لڑتے لڑتے مرجاؤں گا قصاص سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، چور گیا لیکن قاتل باہر بیٹھا ہے، اب شہباز شریف اور ان کے حواریوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے گا۔

طاہر القادری نے نواز شریف سے جی ٹی روڈ ریلی منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان پاکستان کی جان چھوڑ دے، ڈھٹائی کی حد یہ ہے کہ نواز شریف منہ چھپانے کی بجائے سڑک پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں، اتنا بے شرم آدمی کبھی نہیں دیکھا، نواز شریف بددیانتی کا نام ہے، اگر یہ قومی خزانے کی لوٹ مار نہیں تو بتایا جائے کہ کس دولت سے یہ جائیدادیں خریدیں اور منی ٹریل کیا ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران سوچیں کہ آپ کو خائن قرار دے کر جوتے مار کر نکال دیا گیا، اس کے بعد بھی آج بھی آپ کی حکومت ہے، جمہوریت کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی، شریف خاندان پاکستان کی جان چھوڑ دے، ماڈل ٹاؤن واقعے کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ عدالت نے اسمبلیاں نہیں توڑیں اور آئین کے مطابق فیصلہ کیا، آپ کی اپنی پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود کہتے ہیں کہ جمہوریت نہیں ہے، کیا جمہوریت سلطنت شریفیہ کا نام ہے، اپنی ذہنیت کا علاج کریں، اسی ذہنیت نے ملک کو اس انجام تک پہنچایا، نااہلی کے باوجود شریف خاندان کی حکومت جمہوریت کی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں جولوگ شہید اور زخمی کیے گئے ان کاقصور کیاتھا،  ایک شخص اقتدار سے برطرف ہوااورپوچھتاہے قصور کیا ہے، قوم سے کہتا ہے کہ اس سے زیادتی ہوئی ہے، تمہارا قصور تمہیں معلوم ہے ،میری دانست میں انصاف کا وقت آگیا ہے، آپ کہتے ہیں پانچ آدمی گھر بھیج دیتے ہیں، سپریم کورٹ نے آپ سے نرمی برتی شکر کریں جیل نہیں بھیجا، آزاد عدلیہ نے فیصلہ دیا۔

اس سے قبل لاہورائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، پانامالیکس میں نوازشریف اور ان کے خاندان کی پکڑ اللہ کا انتقام ہے۔آرٹیکل 63-62 نے جوتے مارکرنوازشریف کو نکالاہے۔ ہم نے جی ٹی روڈ پر نظام کے خلاف احتجاج کیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بددیانت قراردیا تو وہ سازشیں تلاش کررہے ہیں، نواز شریف میں ہمت ہے تو نام لیں کہ کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا گھر اور وطن ہے، مجھے حکومت کی سیکیورٹی پر بھروسہ نہیں ، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، کارکنوں کی شہادت کا قصاص ہم لے کر رہیں گے ، چور پکڑا گیا لیکن قاتل ابھی رہتا ہے، آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ناصر باغ میں خطاب میں کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔