یوٹیوب نے اپنا میسنجر متعارف کرادیا

ویب ڈیسک  بدھ 9 اگست 2017
صارفین اب اپنی پسندیدہ ویڈیوز یوٹیوب سے ہی دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے— فوٹو : فائل

صارفین اب اپنی پسندیدہ ویڈیوز یوٹیوب سے ہی دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے— فوٹو : فائل

دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے بھی اپنے صارفین کے لیے میسجنگ سروس متعارف کرادی جس کی مدد سے صارفین اپنی پسندیدہ ویڈیوز یوٹیوب کے ذریعے ہی دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔

اینڈروئیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے یوٹیوب موبائل ایپ میں نئی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں جن کے بعد ایپ میں ’’شیئرڈ‘‘ کے نام سے نئے ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس ٹیب پر کلک کرنے سے ایک چیٹنگ ونڈو کھلتی ہے جس پر صارفین یوٹیوب ایپ استعمال کرنے والے اپنے دوستوں سے نہ صرف باتیں کرسکتے ہیں بلکہ اپنی پسند کی ویڈیوز بھی انہیں بھیج سکتے ہیں۔ اسی طرح صارفین یوٹیوب چیٹ میں زیادہ سے زیادہ 30 افراد پر مشتمل گروپ بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔

یوٹیوب میسجنگ کے ذریعے چیٹنگ اور ویڈیو شیئرنگ کے ساتھ ساتھ صارفین ایک دوسرے کو ایموجیز اور تصاویر وغیرہ بھی بھیج سکتے ہیں۔ اس سے قبل یوٹیوب پر دیکھی جانے والی ویڈیوز کو شیئر کرنے کے لیے فیس بک یا واٹس ایپ کا استعمال کرنا پڑتا تھا تاہم اب اس کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ یوٹیوب ایک سال سے اس فیچر پر کام کررہا تھا اور اب اسے باضابطہ طور پر صارفین کے لیے ریلیز کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔