فیس بک پر شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی اغوا کرنیوالا گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 9 اگست 2017
دیگر کارروائیوں میں پولیس نے14 ملزمان گرفتار کرلیے، بلدیہ میں سرچ آپریشن۔ فوٹو:فائل

دیگر کارروائیوں میں پولیس نے14 ملزمان گرفتار کرلیے، بلدیہ میں سرچ آپریشن۔ فوٹو:فائل

 کراچی:  مبینہ ٹاؤن پولیس نے نوجوان لڑکی سے فیس بک پردوستی اور شادی کا جھانسہ دیکر اغوا کرنے والے ملزم کو سفاری پارک کے قریب فلیٹ سے گرفتار کر کے لڑکی کو بازیاب کرالیا۔

ایس ایچ او معراج انور نے بتایا کہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے گلشن اقبال بلاک 4-A میں واقع عظیم گبول گوٹھ کے رہائش رحیم نے تھانے میں 6 اگست کو درخواست دی تھی کہ اس کی نوجوان بیٹی (ص)  پراسرار طور پر لاپتہ ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے لڑکی کے موبائل فون کی لوکیشن حاصل کر کے مین یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے قریب واقع ایک عمارت کے فلیٹ پر چھاپہ مار کر ملزم جاوید کو گرفتار کر کے لڑکی کو بازیاب کرالیا۔

یاد رہے کہ لڑکی گزشتہ دو روز سے ملزم کے قبضے میں  تھی اور ان کی دوستی فیس بک پر ہوئی تھی۔ ملزم نے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی کو بلوایا تھا اور بعدازاں اسے اغوا کر کے فلیٹ میں رکھا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں مبینہ ٹاؤن پولیس نے دوسری کارروائی میں منشیات فروش حسین بخش کو گرفتار کر کے چرس برآمد کرلی۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے تیسر ٹاؤن سیکٹر 51-A میں منا بنگالی کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 11 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔

گلبہار پولیس نے جان محمد گوٹھ لیاری ایکسپریس وے کے قریب چھاپہ مار کر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم آصف کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں، چرس اور عزیز آباد سے چوری کی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

دریں اثنا ایس پی بلدیہ ٹاؤن عارف رزاق کی نگرانی میں پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مدینہ کالونی میں ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر دیا ، سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔