انیل کپور پر ہمیشہ کیلئے معذور ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا

ویب ڈیسک  بدھ 9 اگست 2017
انیل کپور60 سال کی عمر میں بھی کسی نوجوان اداکار کو بھرپور ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں؛فوٹوفائل

انیل کپور60 سال کی عمر میں بھی کسی نوجوان اداکار کو بھرپور ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اسٹار انیل کپور گھٹنے کی تکلیف برسائیٹس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور آرام نہ کرنے کی صورت میں وہ ہمیشہ کیلئے معذور ہوسکتے ہیں۔

انیل کپور کا شمار بالی ووڈ کے سدا بہار اداکاروں میں ہوتا ہے جو 60 سال کی عمر میں بھی کسی نوجوان اداکار کو بھرپور ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انیل کپور آج بھی کسی نوجوان سے زیادہ توانائی سے بھرپور اداکار ہیں۔ تاہم انسان نہ ہمیشہ جوان نہیں رہتا ہے اور نہ تندرست بلکہ وقت کے ساتھ بوڑھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسے مختلف بیماریاں گھیر لیتی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بالی ووڈ میں 38 سال گزارنا آسان کام نہیں، انیل کپور

بھارتی میڈیا کے مطابق انیل کپور گھٹنے کی تکلیف برسائیٹس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور یہ بیماری اتنی خطرناک ہے کہ اس کی وجہ سے کئی بار مریضوں کو اپنے گھٹنے سے محروم ہونا پڑا ہے۔ اس بیماری میں انسان کے گھٹنوں کے جوڑوں میں سوجن پیدا ہوجاتی ہے اور ان میں شدید درد محسوس ہوتا ہے اگر اس بیماری کا مکمل علاج نہ کیا جائے تو گھٹنا ہمیشہ کیلئے متاثر ہوجاتا ہے اور بعض اوقات انسان معذور بھی ہوجاتا ہے۔ خبروں کے مطابق انیل کپور جرمن معالج ڈاکٹر ہینس ولہم مولر سے اپنا علاج کروارہے ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں علاج کے ساتھ 6 ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں سختی سے کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ڈاکٹر کا مشورہ نہیں مانا تو وہ ہمیشہ کے لیے معذور ہوسکتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: انیل کپور پشاور میں اپنا آبائی گھر دیکھنے کے لیے بے تاب

انیل کپور نے اپنی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت سنجیدہ قسم کی بیماری میں مبتلا ہیں اور اگر انہوں نے احتیاط نہیں کی تو وہ اپنے گھٹنے سے محروم ہوسکتے ہیں، لہٰذا انہوں نے مکمل آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ اپنا گھٹنا ہمیشہ کیلئے گنوانا نہیں چاہتے۔

واضح رہے کہ انیل کپور حال ہی میں انیس بزمی کی فلم ’’مبارکاں‘‘ میں نظر آئے تھے جس میں ان کے بھتیجے اداکار ارجن کپور نے ڈبل رول ادا کیا تھا تاہم فلم باکس آفس پر خاص کمال نہ دکھا سکی اور اوسط درجے کا ہی بزنس کرسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔