بچپن میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث زندگی شدید کرب میں گزری، انوشکا شنکر

ویب ڈیسک  منگل 12 فروری 2013
وہ خواتین جو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی وقت تشدد کا شکار بنائی گئیں، وہ اپنے اندر ہمت پیدا کریں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔ انوشکا فوٹو:پبلسٹی

وہ خواتین جو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی وقت تشدد کا شکار بنائی گئیں، وہ اپنے اندر ہمت پیدا کریں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔ انوشکا فوٹو:پبلسٹی

نئی دہلی: بھارت کے لیجنڈ ستار نواز روی شنکر کی بیٹی انوشکا شنکر نے کہا ہے کہ بچپن میں کئی سال تک انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث وہ شدید کرب سے گزریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا شنکر نے کہا کہ بچپن میں خاندان کے ہی ایک فرد نے متعدد بارجنسی تشدد کا نشانہ بناکر بچپن کی معصومیت ان سے چھین لی اور اس زیادتی کےزیر اثر ان کی اب تک کی زندگی ڈر اور خوف میں گزری۔ انہوں نے کہا کہ وہ رات میں اکیلے سفر کرنے سے ڈرتی ہیں اورمردوں سے بات کرنے اور گھلنے ملنے سے گھبراتی ہیں۔

انوشکا نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پرویب سائٹ پر ایک مہم “ون بلین رائزنگ” کا آغاز کیا جس کے تحت انہوں نے بھارتی خواتین کو دعوت دی ہے کہ وہ ڈانس کے ذریعے خواتین کے خلاف جاری جنسی تشدد اور زیادتی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ بھارت میں خواتین کو عزت اور تحفظ سے زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

ویب سائٹ پر انوشکا کا کہنا تھا کہ وہ خواتین جو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی وقت تشدد کا شکار بنائی گئیں، وہ اپنے اندر ہمت پیدا کریں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نئی دہلی میں جنسی زیادتی کا شکار بنائی گئی لڑکی اور مجھ سمیت کئی لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کھڑی ہو رہی ہوں اور اس سلسلے میں انہیں بھارتی خواتین کی مدد درکار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔