پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت یقینی بنانےکیلیے پرعزم ہے ، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  بدھ 9 اگست 2017
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ — فوٹو : فائل

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ — فوٹو : فائل

 راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت یقینی بنانےکیلیے پرعزم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ کے درمیان ملاقات جی ایچ کیومیں ہوئی۔ اس موقع پر سعودی نائب وزیر نے کہا کہ ان کا ملک تمام معاملات پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔  ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں، قربانیوں اورکامیابیوں کو سراہتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات اعلیٰ سطح پر ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،حرمین شریفین کا دفاع اور سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔