دلیپ کمار صحتیاب، اسپتال سے گھر منتقل

ویب ڈیسک  بدھ 9 اگست 2017
دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف کے باعث لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔ فوٹو : ٹویٹر

دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف کے باعث لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔ فوٹو : ٹویٹر

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار صحتیابی کے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کو 8 روز پہلے  گردے میں تکلیف کے باعث لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، علاج کے بعد ان کی صحت بہتر ہو رہی تھی اس لئے ڈاکٹرز کی جانب سے آج انہیں اسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد وہ بیوی سائرہ بانو کے ہمراہ اپنے گھر منتقل ہو گئے۔

دلیپ کمار کی بیوی اور ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے دلیپ صاحب کو ڈاکٹرز نے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے تاہم وہ اب بھی ڈاکٹر نتن اور ارون کی نگہداشت میں ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :دلیپ کمار کی اچانک طبیعت بگڑگئی

سائرہ بانو نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ مداحوں اور دوستوں کی جانب سے دعاؤں جب کہ ڈاکٹرز اور عملے کی طرف سے دلیپ صاحب کی بہترین دیکھ بھال کیلئے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ 94 سالہ اداکار دلیپ کمار کی صحت رواں برس تیزی سے گری ہے اور انہیں کئی بار اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔ گزشتہ برس اپریل میں دلیپ کمار کو بخار اور متلی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جبکہ دسمبر میں ان کے دائیں پاؤں میں سوجن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔