فرٹیلائزر سبسڈی اسکیم کی خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ

ارشاد انصاری  جمعرات 10 اگست 2017
عوام کو اسکیم کی آگہی دی جائیگی، کھاد کامعیار،مقدار اور مقررہ قیمت پر فروخت حکومت کی ذمے داری ہوگی،دستاویز
 فوٹو: فائل

عوام کو اسکیم کی آگہی دی جائیگی، کھاد کامعیار،مقدار اور مقررہ قیمت پر فروخت حکومت کی ذمے داری ہوگی،دستاویز فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے کاشت کاروں کو رعایتی قیمت پر کھاد کی فراہمی کے لیے متعارف کرائی جانے والی فرٹیلائزر سبسڈی اسکیم کے تحت درکار کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے ڈیلرز اور ایجنٹس پر جرمانے عائد کرنے اور فوری طور پر ڈیلرشپ لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے کاشت کاروں کو رعایتی قیمت پر فرٹیلائزر کی فراہمی کے لیے متعاف کرائی جانے والی اسکیم کے تحت مقرر کردہ کارکردگی کے معیار پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ اسکیم کے لیے مقرر کردہ کارکردگی کے معیار پر پورا نہ اترنے والے اور کاشت کاروں سے اوور چارجنگ کرنے والے ڈیلرز اور ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جس کے تحت فرٹیلائزر سبسڈی اسکیم کے تحت درکار کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے ڈیلرز اور ایجنٹس ڈیلرشپ لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں گے، اس کے علاوہ خلاف ورزی کے مرتکب ڈیلروں و ایجنٹس پر ان کی مجموعی سیل کے 20 فیصد کے برابر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں فرٹیلائزر سبسڈی اسکیم کے تحت کاشت کاروں کو رعایتی قیمت پر کھاد کی فراہمی کے بارے میں جامع آگہی مہم چلائیں گی، الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا پر خصوصی تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق اسکیم کے تحت کسانوں کو فراہم کی جانے والے فرٹیلائزر کی کوالٹی و مقدار کی مانیٹرنگ اور کھاد کی پوری مقدار کو یقینی بنانا بھی وفاقی و متعلقہ صوبائی حکومتوں کی ذمے داری ہوگی، اس کے علاوہ ملک بھر میں فرٹیلائزر کی نوٹیفائی کردہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کے ساتھ سبسڈی کا کاشت کاروں کو براہ راست فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانا اور اس کی مانیٹرنگ کرنا بھی متعلقہ حکومتوں کی ذمے داری ہوگی، وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق متعلقہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اس اسکیم پر عمل درآمد کرائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔