ورلڈ الیون میں 13موجودہ انٹرنیشنل کرکٹرز ہونگے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 10 اگست 2017
بورڈ حکام نے کانفرنس کال میں آئی سی سی چیف ودیگرکوسیکیورٹی سے آگاہ کردیا
 فوٹو: فائل

بورڈ حکام نے کانفرنس کال میں آئی سی سی چیف ودیگرکوسیکیورٹی سے آگاہ کردیا فوٹو: فائل

 لاہور:  ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ممکن بنانے کیلیے کوششیں جاری ہیں،پی سی بی حکام نے کانفرنس کال میں آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن اور دیگر کو صورتحال سے آگاہ کردیا،نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہورلڈ الیون میں 13موجودہ انٹرنیشنل کرکٹرز ہونگے۔

سیکیورٹی معاملات کی وجہ سے کچھ چیزیں قبل ازوقت بتانا مناسب نہیں ہوگا،ابھی تک گرین سگنل موجود ہے،موجودہ حالات میں اسے سرخ ہوتے دیر نہیں لگتی۔تفصیلات کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے باوجود پی سی بی ورلڈ الیون کا دورئہ پاکستان ممکن بنانے کیلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، گزشتہ روز چیئرمین منتخب ہونے کے بعد نجم سیٹھی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون میں ریٹائرڈ نہیں بلکہ موجودہ 13 کے قریب انٹرنیشنل کرکٹرز ہونگے،اینڈی فلاور فہرست پہلے جاری نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میری وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ہوم سیکریٹری سے 2,2ملاقاتیں ہوچکی ہیں،آخری میٹنگ میں وزیر قانون رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے، لاہور میں ضمنی الیکشن 17ستمبر کو ہونے کی وجہ سے صوبائی حکومت چاہتی تھی کہ ورلڈ الیون سے سیریز ری شیڈول کرلی جائے، ہم بعد میں اس لیے نہیں کرا سکتے کہ 22ستمبر کو قومی ٹیم سری لنکا سے سیریز کیلیے یواے ای روانہ ہوگی، 1،2 روز میں حتمی تاریخوں کا تعین کرلیا جائے گا، ہمیں آئی سی سی کو بھی اعتماد میں لینا ہوگا۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ میں نے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمداور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کے ہمراہ کانفرنس کال میں آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن،ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک،کرکٹرز کا انتخاب کرنے والے اینڈی فلاور اور سیکیورٹی افسر سمیت متعلقہ افراد سے بات چیت میں انھیں صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

سیکیورٹی معاملات کی وجہ سے کچھ چیزیں قبل ازوقت بتانا مناسب نہیں ہوتا،پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ بھی صرف 6روز قبل آن لائن فروخت کیلیے پیش ہوئے تھے،ابھی تک گرین سگنل موجود ہے تاہم موجودہ حالات میں اسے سرخ ہوتے دیر نہیں لگتی۔سیریز کے اخراجات کے حوالے سے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی نے بجٹ دیا،ہم بھی پلان کرچکے،فنڈز بھی دیے جائیں گے، مل کر کام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔