جامعہ کراچی ؛ بی کام کے کئی درجن فیل طلبا کو کامیاب قرار دینے کی کوشش

صفدر رضوی  جمعرات 10 اگست 2017
متعلقہ اتھارٹیزکواعتمادمیں لیاگیااورنہ ہی آگاہ کیاگیا،پہلے سے تاخیرکے شکارنتائج مزیدالتواکاشکار،وائس چانسلراورڈین معاملے سے بے خبر

فوٹو : فائل

متعلقہ اتھارٹیزکواعتمادمیں لیاگیااورنہ ہی آگاہ کیاگیا،پہلے سے تاخیرکے شکارنتائج مزیدالتواکاشکار،وائس چانسلراورڈین معاملے سے بے خبر فوٹو : فائل

 کراچی:  جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کے تحت بی کام (ریگولر)کے متوقع نتائج کی تیاری میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں، شعبہ امتحانات نے نتائج میں کئی درجن فیل طلبا کو بی کام ریگولر میں کامیاب قرار دے کر نتائج پر حتمی اجرا کے لیے متعلقہ اتھارٹیزکے دستخط بھی کرالیے ہیں، یہ نتائج ٹیبولیشن کے مرحلے میں تبدیل کیے گئے ہیں۔

تاہم شعبہ امتحانات اورکالج اساتذہ کے حلقوں میں معاملے کی بازگشت کے بعد شعبہ امتحانات نے نتائج روک کراس میں دوبارہ تبدیلیاں شروع کردی ہیں تاہم تاحال اس معاملے پر متعلقہ اتھارٹیز کواعتماد میں لیاگیا اورنہ ہی انھیں معاملے سے آگاہ کیاگیاہے، جامعہ کراچی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نتائج میں تبدیلی کامعاملے سامنے آنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی اورنہ ہی انکوائری شروع کی گئی بلکہ براہ راست نتائج کی اسکروٹنی شروع کردی گئی ہے، ذرائع کاکہناتھاکہ جامعہ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات ایسوسی ایٹ پروفیسر عرفان عزیزنے بی کام (ریگولر)کے نتائج کوحتمی شکل دے کر متعلقہ اتھارٹیز سے دستخط کرائے ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ نتائج اتھاٹیزسے دستخط اور کال آؤٹ کے حتمی مرحلے سے بھی گزارے جاچکے تھے تاہم یہ بات سامنے آئی کہ نتائج میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہیں اورکئی درجن فیل امیدواروں کوٹیبلولیشن کے مرحلے میں پاس کردیا گیا ہے۔

جس کے باعث نتائج روکنے پڑے جس میں اب تبدیلی کی جارہی ہے اورنتائج کواسکروٹنی کے مرحلے سے گزارا جارہا ہے جس سے تاخیرشدہ نتائج میں مزیدتاخیرہورہی ہے جبکہ تاحال متعلقہ اتھارٹیز وائس چانسلراورڈین کواس سے بے خبررکھاگیاہے واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے موجودہ قائم مقام ناظم امتحانات عرفان عزیزکاتعلق بھی شیخ الجامعہ کے شعبہ ہیلوفائیٹ سے ہے جونباتیات کی ایک شاخ ہے موجودہ ناظم امتحانات نے بی کام کے نتائج کی ٹیبولیشن کے سلسلے میں جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلوفائیٹ کے علاوہ بعض کالجوں کے شعبہ نباتیات کے اساتذہ کی خدمات حاصل کی ہیں جواس سے قبل شعبہ امتحانات میں ٹیبولیشن کے عمل سے ناواقف تھے جبکہ کامرس کے کچھ کالجوں کے اساتذہ کی خدمات بھی ٹیبولیشن میں لی گئی ہیں، قائم مقام ناظم امتحانات عرفان عزیزسے موقف جاننے کے لیے فون کیا گیا تاہم وہ رابطے سے گریزکرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔