نواز شریف وفادار بھائی کو مشکل میں ڈالنے کے بجائے قوم سے خطاب کر لیتے، تہمینہ درانی

ایکسپریس ڈیسک  جمعرات 10 اگست 2017
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ نواز شریف وفادار بھائی شہباز شریف کو مشکل میں ڈالنے کے بجائے قوم سے خطاب کر لیتے،میں نواز شریف کی بحفاظت گھر واپسی کیلیے دعاگو ہوں۔

انھوں نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس میں کہا کہ شریف فیملی میں کوئی تنازع نہیں ہے، میرا ماضی ثابت کرتا ہے، میں آزادی سے گفتگو کرتی ہوں، انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو ریلی کی حفاظت کی ذمے داری دینا ان سے بے رحمانہ اور غیر محتاط مطالبہ ہے۔

تہمینہ درانی نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف مجھ سے مشورہ لیتے تو میں ان سے درخواست کرتی کہ وہ اپنے انتہائی وفادار بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کو ایسی متنازع صورتحال سے دوچار کرنے کے بجائے قوم سے خطاب کرتے، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت عام آدمی کے زیر استعمال مصروف ترین شاہراہ کو ماسوائے مرمتی کام کے 3 روز تک بند کرنے کی مجاز نہیں ہے۔

میں اس پر افسوس ہی کر سکتی ہوں، انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 4 سال 9 ماہ سے ایک دن کیلیے بھی آرام نہیں کیا، ان کے کام میں مسلسل خلل ڈالا گیا، وہ شاہی خیالات کے حامل سیاستدان کبھی بھی نہیں رہے، تہمینہ درانی نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کیلیے دعا کرتی ہوں کہ وہ بحفاظت گھر پہنچ جائیں اور اپنے تمام مشیران کو فارغ کر دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔