سنجے دت کی ’’بھومی‘‘ کے ٹریلر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اگست 2017
فلم کے ٹریلر کو ایک منٹ میں 7000 سے زائد اور اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں؛فوٹوفائل

فلم کے ٹریلر کو ایک منٹ میں 7000 سے زائد اور اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کی نئی فلم ’’بھومی‘‘ کے پہلے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑدیا، فلم کے ٹریلر کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو سنجے دت کی فلم ’’بھومی‘‘ کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ فلم کے پہلے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ ٹریلر میں سنجے دت کی شاندار اداکاری نے ثابت کردیا کہ وہ آج بھی اداکاری کے بے تاج بادشاہ ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جیل میں غربت بھرے دنوں کو یاد کرکے آنسو آجاتے ہیں،سنجے دت

فلم کی کہانی بدلے اور باپ بیٹی کے رشتے کے درمیان آنے والے اتار چڑھاؤ کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک باپ اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے ہر حد پار کرجاتا ہے ،سنجے دت نے یہ کردار اتنی خوبی سے نبھایا ہے کہ حقیقت کا گمان ہوتا ہے، تقریباً 3 منٹ کے ٹریلر میں سنجے دت کی جاندار اداکاری نے شائقین کے دل جیت لیے ، جیل سے رہائی کے بعد سنجے دت اس فلم کے ذریعے ایک بار پھر بالی ووڈ میں واپسی کررہے ہیں لہٰذا یہ فلم سنجے دت کے دل کے انتہائی قریب ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجے دت پر بننے والی فلم ریلیز سے پہلے ہی 180 کروڑ روپے کماگئی

فلم کے ہدایت کار اومنگ کمار کا کہنا ہے کہ اس فلم میں سنجے دت نے اپنی زندگی کی بہترین پرفارمنس دی ہے ، امید ہے شائقین بالی ووڈ میں ان کی واپسی کو سراہیں گے، فلم میں سنجے دت اور آدیتی راؤ حیدری کے علاوہ شیکھر ثمن اور سدھانت گپتا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے فلم 22 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔