تھائی لینڈ کی دادی اماں نے 91 سال کی عمر میں گریجویشن کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اگست 2017
کئی بار فیل ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری، کملان جیناکل۔ فوٹو: انٹرنیٹ

کئی بار فیل ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری، کملان جیناکل۔ فوٹو: انٹرنیٹ

بنکاک: تھائی لینڈ کے صوبہ لمپانگ میں 91 سالہ خاتون نے یونی ورسٹی سے گریجوشن کرلی۔

سیانے کہتے ہیں کہ حصول علم کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ تھائی لینڈ میں 91 سالہ خاتون نے اسی سوچ پر عمل کرتے ہوئے 91 سال کی عمر میں سکھوتھائی تھاماتھیرات اوپن یونی ورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی۔ کملان جیناکل نے 72 سال کی عمر میں یونی ورسٹی میں داخلہ لیا جب کہ تعلیم مکمل کرنے میں انہیں کئی سال کا عرصہ لگا۔ پڑھائی میں وقفہ اس لیے آیا کہ ان کی ایک بیٹی کا انتقال ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے کچھ عرصے کے لیے پڑھائی چھوڑ دی۔ 85 سال کی عمر میں انہوں نے دوبارہ ہیومن ایکولوجی میں داخلہ لیا جو عمرانیات کی ایک شاخ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پڑھائی کے دوران وہ صبح سویرے اٹھتیں اور عبادت کے بعد مطالعے میں مشغول ہوجاتیں۔ کملان جیناکل نے عزم اور ارادے کو اپنی کامیابی کی کنجی قرار دیا۔ وہ کئی بار فیل ہوئیں لیکن ہر بار نئے عزم کے ساتھ دوبارہ پڑھائی شروع کرتیں اور باالآخر اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرلی۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کملان جیناکل نے کہا کہ انہیں یونی ورسٹی جانے کا بہت شوق تھا لیکن جوانی میں موقع نہ ملنے کی وجہ سے وہ پڑھ نہ سکیں۔ اس دوران ان کی شادی ہوگئی اور پھر ان کے بچوں کی شادیاں ہوگئیں اور وہ نانی دادی بن گئیں۔ اپنی اولاد کو یونی ورسٹی جاتے دیکھ کر ان کے دل میں دبی چنگاری دوبارہ سلگ اٹھی اور انہوں نے بچوں سے اپنی خواہش کا ذکر کیا۔ بچوں نے والدہ کی حوصلہ افزائی کی اور ہمت بندھائی جس پر انہوں نے یونی ورسٹی میں داخلہ لے لیا۔ کملان جیناکل نے بتایا کہ ان کے پانچ بچے ہیں جن میں سے 4 نے ماسٹرز اور ایک نے پی ایچ ڈی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔