جذام کے مریضوں کوسفاری پارک میں ظہرانہ دیا جائیگا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 فروری 2013
ڈاکٹر رتھ فائونے جذام کے خاتمے کے حوالے سے جو خدمات انجام دیں وہ قابل تقلید ہیں  فوٹو: فائل

ڈاکٹر رتھ فائونے جذام کے خاتمے کے حوالے سے جو خدمات انجام دیں وہ قابل تقلید ہیں فوٹو: فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ جذام جیسے موذی مرض میں مبتلا افراد کی خدمت عین عبادت ہے۔

،ڈاکٹر رتھ فائونے 55سال میں جذام کے خاتمے کے حوالے سے جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل تقلید ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کورنگی ، لانڈھی اور نارتھ کراچی میں جذام کے مریضوں کے لیے سینٹر کے قیام کے لیے زمین فراہم کرے گی جبکہ میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر اور منگھوپیر میں واقع بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتال کے مریضوں کے لیے 23فروری کو سفاری پارک میں ظہرانے کے اہتمام کے ساتھ ساتھ انھیں تمام تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بات انھو ں نے گذشتہ روز میری ایڈیلیڈ لپروسی سینٹر کی بانی ڈاکٹر رتھ فائو سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکری ایشن محمد ریحان خان ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر اے ڈی سنجنانی ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ڈاکٹر شوکت زمان ، لیپروسی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد علی عباسی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا لیپروسی اسپتال منگھوپیر میں 1896ء میں قائم کیا گیا تھا جہاں سے اب تک ہزاروں مریضوں کا علاج کیا جا چکاہے اور اب بھی لیپروسی اسپتال کے مختلف وارڈز میں سو سے زائد مریض زیر علاج ہیں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا گیا کہ میری ایڈ یلیڈ کے تحت پاکستان و کشمیر میں 170سینٹر ز قائم ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں مریضوں کا علاج جاری ہے جبکہ اب ان سینٹرز میں لیپروسی کے ساتھ ساتھ ٹی بی کا علاج بھی کیا جارہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔