فیس بک نے یوٹیوب کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اگست 2017
فیس بک نے اپنا نیا ویڈیو فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل

فیس بک نے اپنا نیا ویڈیو فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل

نیویارک: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعے سے نئے ویڈیو فیچر کا آغاز کرنے جا رہا ہے جس میں صارفین لائیو اور ریکارڈڈ ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔ فیس بک نے اس فیچر کا نام ’’واچ‘‘ رکھا ہے جسے فی الحال محدود پیمانے پر شروع کیا جا رہا ہے۔ فیس بک ہوم پیج پر جلد واچ کے نام سے ایک ٹیب کا اضافہ ہوجائے گا جس پر کلک کرکے صارفین ویڈیوز ہوم پیج پر پہنچ جائیں گے اور وہاں موجود ویڈیوز سے محظوظ ہو سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے اپنا میسنجر متعارف کرادیا

فیس بک کافی عرصے سے ڈیجیٹل ویڈیو کے شعبے میں قدم رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاہم اب تک وہ اس مقابلے میں کافی پیچھے ہے۔ فیس بک کے نئے واچ فیچر میں صارفین کو براہ راست تقاریب دیکھنے کو ملیں گی جبکہ فیس بک کے ویڈیو پارٹنرز نیشنل جیوگرافک، ٹائم انکارپوریشن، ناسا اور این بی اے بھی اس کے لیے ویڈیوز تیار کریں گے۔

فیس بک کے ترجمان نے امریکی ٹی وی کو انٹریو میں بتایا کہ فی الحال ان ویڈیوز کی فہرست موجود نہیں جنہیں فیس بک واچ میں شامل کیا جائے گا اور ابھی یہ فیچر آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔ فیس بک واچ پر صارفین اپنی ویڈیو فیڈز کو اپنی مرضی سے ترتیب دے سکیں گے اور اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو لائک اور فالو کرسکیں گے جیسا کہ وہ یوٹیوب پر سبسکرائب کرتے ہیں۔ فیس بک واچ یہ بھی بتائے گا کہ آپ کے دوست اس وقت کون سی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔ فی الحال یہ سروس صرف امریکا میں دستیاب ہو گی۔

فیس بک کے اس اقدام سے یوٹیوب کے صارفین کی تعداد میں کمی ہونے کا امکان ہے کیوں کہ فیس بک کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے اور اگر انہیں اپنی پسندیدہ ویڈیوز فیس بک پر ہی مل جائیں گی تو وہ کسی اور ویب سائٹ پر نہیں جائیں گے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل یوٹیوب نے بھی اپنا میسنجر متعارف کرایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔