پریمیئر لیگ: شیربنگلہ اسٹیڈیم میں بھارتی سٹے باز پکڑا گیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 13 فروری 2013
اعتراف کے باوجود حکام نے پولیس کے حوالے نہیں کیا، اسٹیڈیمز میں داخلے پر پابندی۔   فوٹو : فائل

اعتراف کے باوجود حکام نے پولیس کے حوالے نہیں کیا، اسٹیڈیمز میں داخلے پر پابندی۔ فوٹو : فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے موقع پر بھارتی بکی کی موجودگی نے میچ فکسنگ کی اطلاعات کو درست ثابت کردیا۔

سیکیورٹی آفیشل نے شیربنگلہ اسٹیڈیم سے درگا پرساد نامی مشکوک شخص کو پکڑا،اس نے سٹے باز ہونے کا اعتراف بھی کر لیا جسکے بعد تمام ملکی کرکٹ اسٹیڈیمز میں اس کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی، بعدازاں اسے ڈرائیونگ لائسنس کی فوٹوکاپی لے کر چھوڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں کرپشن کے کئی واقعات سامنے آ چکے تاہم حکام بدنامی سے بچنے کیلیے تمام پر پردہ ڈال رہے ہیں،ایک ٹیم کے مالک نے حریف سائیڈ پر بھی فکسنگ کا الزام لگایا مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی، پہلے ایڈیشن میں بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے تب بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا۔

گذشتہ روز میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم کی انٹرنیشنل گیلری میں مشکوک بھارتی شخص کی موجودگی سے فکسنگ کی اطلاعات کو مزید تقویت مل گئی، رنگپور رائیڈرز اور ڈورنٹو راجشاہی کے میچ میں حیدرآباد دکن کے رہائشی درگا پرساد کی بعض حرکات کو مشکوک سمجھتے ہوئے بنگلہ دیشی بورڈ کے سیکیورٹی اہلکار نے اسے دھر لیا، بی سی بی کے ہیڈآف سیکیورٹی کرنل (ر)مصباح الدین سرنیبات نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اسٹیڈیم کے اندر پرساد پر نظر رکھے رہے اور یہ دیکھا کہ وہ بے انتہا ٹیکسٹ پیغامات بھیج رہا ہے۔

3

اس سے بات چیت کے بعد ہمیں علم ہوا کہ وہ حیدرآباد دکن کا رہائشی اور 2 فروری کو بنگلہ دیش آیا تھا، بعد میں پرساد نے اعتراف کر لیا کہ وہ سٹے باز ہے اور اسی کام سے رقم کماتا ہے، ہمارے ملک میں سٹے بازی غیرقانونی کام ہے، اس لیے ہم نے اسے شیربنگلہ اسٹیڈیم سے نکال دیا، بعد میں اس نے حلف نامہ جمع کرا دیا کہ وہ بنگلہ دیش کے کسی کرکٹ اسٹیڈیم میں نہیں جائے گا،اسے ڈرائیونگ لائسنس کی فوٹوکاپی لے کر چھوڑ دیا گیا۔

یاد رہے گذشتہ برس بی پی ایل میں پاکستانی شہری ساجد خان کو پلیئرز زون میں داخل ہونے کی کوشش میں گرفتارکیا گیا تھا، میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں وہ کئی ماہ جیل میں بھی قید رہا، البتہ بھارتی شہری کے اعتراف کے باوجود اسے پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔