مشرف کالونی اوراطراف میں رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن، 21افراد زیرحراست

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 فروری 2013
مشرف کالونی میں آپریشن کے دوران رینجرزاہلکار ایک گھر میں صندوق کی تلاشی لے رہا ہے جبکہ علاقہ مکین میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

مشرف کالونی میں آپریشن کے دوران رینجرزاہلکار ایک گھر میں صندوق کی تلاشی لے رہا ہے جبکہ علاقہ مکین میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: رینجرز کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ماڑی پور مشرف کالونی اور اس سے متصل کالونیوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 21 افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران منگل کی صبح ماڑی پور تھانے کی حدود مشرف کالونی ، 500کوارٹر اور اس سے متصل دیگر کالونیوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 21 افراد کو حراست میں لے کر ان کے گھروں سے38ٹی ٹی پستول ، 3رائفل ، 5کلاشن کوف اور6رپیٹر برآمد کر لیے ، آپریشن میں رینجرز کے500 سے زائد افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا تھا جس میں خواتین اہلکار اور کمانڈوز بھی شامل تھے جبکہ آپریشن میں منشیات تلاش کرنے کیلیے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔

3

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانیوالے تمام افراد بے گناہ ہیں جبکہ قبضے میں لیا جانے والا اسلحہ لائسنس یافتہ جس کے بارے میںرینجرز افسران نے کہا ہے کہ اسلحہ کا لائسنس دکھا کر ہیڈ کوارٹر سے واپس لے جانا ، ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے 500کوارٹر سے18مشرف کالونی سیکٹر9/C سے2اور 9/Aسے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ، رینجرز کے آپریشن کی پیر کو اطلاع مل گئی تھی ، گینگ وار کے ملزمان نے مذکورہ علاقوں سے اپنا اسلحہ کسی اور مقام پر منتقل کر دیا تھا جبکہ سرچ آپریشن کا تماشہ دیکھنے والے علاقہ مکینوں میں گینگ وار کے ملزم راشد ریکھا کے بھائی سمیت دیگر ملزمان بھی شامل تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔