نواز شریف اتنے خطرناک نہیں تھے جتنے اب ہوں گے، سعد رفیق

ویب ڈیسک  جمعـء 11 اگست 2017
ایک دن سیاسی مخالفین اپنی غلطی پر پچھتائیں گے، سعدرفیق .فوٹو : فائل

ایک دن سیاسی مخالفین اپنی غلطی پر پچھتائیں گے، سعدرفیق .فوٹو : فائل

گوجرانوالہ: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نوازشریف اتنے خطرناک نہیں تھے جتنے اب ہوں گے جب کہ ایک دن سیاسی مخالفین اپنی غلطی پر پچھتائیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سازش کرنے والوں سےغلطی ہو گئی ہے جو انہیں جلد سمجھ آ جائے گی کیوں کہ نوازشریف اتنے خطرناک نہیں تھے جتنے اب ہوں گے، وہ ’’اسٹیٹس کو‘‘ کیلیے خطرہ ہیں اور ایک دن سیاسی مخالفین اپنی غلطی پر پچھتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے تاریخ میں لکھے جاتے ہیں جیسے بھٹو کا فیصلہ تھا، اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے ایک شعر بھی پڑھا کہ ’’جس دور میں جینا مشکل ہو اس دور میں جینا پڑتا ہے‘‘ تاہم ہم کسی کیخلاف ہیں نہ کوئی ادارہ سازش کر رہا ہے۔

سعد رفیق نے شرکا سے سوال کیا کہ جو نا اہل ہوئے ان کا کبھی ایسا استقبال ہوا، کیوں کہ ایسا استقبال صرف خدمت کرنے والوں کا ہی ہوتا ہے، نواز شریف اب دلوں کے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے ایوب کی آمریت کو چیلنج کیا اور جیلیں کاٹیں جب کہ نوازشریف کی قربانیوں کو دیکھ کر انہیں سیاسی امام مانا اب ان کے پیچھے صفیں باندھ لی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔