چینی عجائب گھر میں دنیا کا طویل ترین کیڑا

ویب ڈیسک  پير 14 اگست 2017
ژاؤ لی دنیا کے طویل ترین کیڑے(اسٹک انسیکٹ) کے ساتھ جس کی لمبائی 25 انچ ہے اور اس کی عمر 8 ماہ ہے۔ تصویر بشکریہ: انسیکٹ میوزیم آف ویسٹ چائنا

ژاؤ لی دنیا کے طویل ترین کیڑے(اسٹک انسیکٹ) کے ساتھ جس کی لمبائی 25 انچ ہے اور اس کی عمر 8 ماہ ہے۔ تصویر بشکریہ: انسیکٹ میوزیم آف ویسٹ چائنا

بیجنگ: چینی عجائب گھر سے وابستہ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کا سب سے طویل ترین کیڑا وہاں موجود ہے۔ درخت کی سوکھی ٹہنی کی مانند اس کیڑے کو ’اسٹِک انسیکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی لمبائی 62.4 سینٹی میٹر (25 انچ) ہے، یعنی یہ ایک بالغ شخص کے بازو جتنا طویل ہے۔

2014 میں اسے پہلی مرتبہ چینی ماہرِحشریات ژاؤ لی نے جنوبی چین کے جنگلات میں اس وقت دریافت کیا تھا جب وہ آدھی رات کو گوانگ ژائی صوبے کے جنگلات میں کیڑے تلاش کررہے تھے۔ 45 سالہ ژاؤ چین میں کیڑے مکوڑے کے ایک میوزیم میں کیوریٹر ہیں اور اس نئے انوکھے جانور کو انہوں نے Phryganistria chinensis کا نام دیا ہے۔

ژاؤ نے ان میں سب سے بڑے کیڑے کو لے کر میوزیم میں رکھا جس نے دسمبر میں 6 انڈے دیئے اور ان میں سے ایک طویل ترین کیڑا برآمد ہوا جس کے سر سے لے کر پچھلی ٹانگ تک کی لمبائی 64 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ژاؤ کہتےہیں کہ 8 ماہ کا یہ جاندار دنیا کا طویل ترین کیڑا بھی ہے۔

بین الاقوامی معیارات کےتحت چینی اسٹک انسیکٹ کی زندگی زیادہ سے زیادہ ایک سال ہوتی ہے اور وہ پوری مدت میں 6 سینٹی میٹر تک لمبا ہوجاتا ہے۔ ژاؤ کہتے ہیں کہ کیڑے کو مٹھاس بہت پسند ہے اور وہ اسے اسٹرابیری جام کھلاتے ہیں۔ اس وقت میوزیم میں 14 زندہ اور 15 مردہ کیڑے رکھے ہیں اور کیڑے کو ایک میٹر اونچے پنجروں رکھا جاتا ہے ۔ ایک پنجرے میں تین کیڑوں کو بہت احتیاط سے رکھا گیا ہے۔

اس سے قبل دنیا کا سب سے طویل کیڑا ملائیشیا میں سال 2008 میں دریافت ہوا تھا ۔ یہ 56.7 سینٹی میٹر لمبا تھا اور اب لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔