بھارت سخت ترین ڈرگ ٹیسٹ پالیسی سے خوفزدہ

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
کامن ویلتھ گیمز2022 میں ویمن کرکٹ کو شامل کیے جانے کا امکان روشن ہوچکا ہے۔ فوٹو : فائل

کامن ویلتھ گیمز2022 میں ویمن کرکٹ کو شامل کیے جانے کا امکان روشن ہوچکا ہے۔ فوٹو : فائل

 ممبئی:  اولمپک گیمز 2024 میں کرکٹ کو شامل کرانے کی مہم کمزور پڑنے لگی، بھارت سخت ترین ڈرگ ٹیسٹ پالیسی سے خوفزدہ ہے۔

آئندہ ماہ ہونیوالی آئی اوسی اجلاس میں اولمپک گیمز 2024کی میزبانی پیرس اور 2028 کی لاس اینجلس کو دینے کا فیصلہ ہوگا، آئی سی سی میں بااثر سمجھے جانے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کی حمایت اس ضمن میں مثبت پیش رفت کیلیے اہم خیال کی جارہی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں حالات زیادہ سازگار دکھائی نہیں دیتے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اسپورٹس کے سب سے بڑے عالمی مقابلوں میں کرکٹ کی شمولیت سے خاص طور پر ویمنز ٹیم کو گہرا تاثر چھوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔ مگر ڈرگز کے حوالے سے واڈا کے سخت قوانین کو دیکھتے ہوئے بھارتی بورڈ گرمجوشی نہیں دکھا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نہیں چاہتا کہ بھارتی کرکٹرز ڈرگ ٹیسٹنگ کے سخت ترین قوانین کی زد میں آئیں، اولمپک گیمز کے حوالے تاحال بورڈ نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا لیکن امکان یہی ہے کہ حکام اس حوالے سے مثبت رائے نہیں دینگے۔

یاد رہے کہ اولمپک گیمز میں ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے کرکٹ مقابلوں کو شامل کرنے کی راہ ہموار کرنے کیلیے آئندہ سال تک کا وقت موجود ہے،مگر بھارتی سرد مہری کی وجہ سے معاملہ کھٹائی میں پڑ جائیگا۔ البتہ کامن ویلتھ گیمز2022 میں ویمن کرکٹ کو شامل کیے جانے کا امکان روشن ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔