سابق سری لنکن اسٹارز فکسنگ کے الزام پر بھڑک اٹھے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
اروندا ڈی سلوا نے ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزامات لگانے والوں سے شواہد مانگ لیے۔ فوٹو: فائل

اروندا ڈی سلوا نے ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزامات لگانے والوں سے شواہد مانگ لیے۔ فوٹو: فائل

کولمبو:  سابق سری لنکن اسٹارز کرکٹرز میچ فکسنگ کے الزامات پر بھڑک اٹھے۔

گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں متیاہ مرلی دھرن نے رانا ٹنگا کے ورلڈ کپ 2011 فائنل میں فکسنگ کا دعوی مسترد کردیا، انھوں نے کہا کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پڑنے والی اوس کھلاڑیوں کیلیے بڑی پریشانی کا سبب بنی تھی، رانا ٹنگا کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ ہمیں بھارت کیخلاف فائنل ہارنے کی ہدایات ملی تھیں۔

45 سالہ مرلی دھرن نے مزید کہا کہ بھارت ایونٹ کی بہترین جبکہ ہم دوسری اچھی سائیڈ قرار پائے تھے، ہمارے پاس فائنل جیتنے کا بہترین موقع تھا لیکن 2 چیزیں ہمارے خلاف گئیں، مجھے سیمی فائنل میں گروئن انجری پیش آئی جبکہ میتھیوز انجرڈ ہونے کے سبب فائنل میں شریک نہ ہوسکے۔

دوسری جانب سری لنکا کے سابق بیٹسمین اروندا ڈی سلوا نے ٹیم پر فکسنگ کے الزامات لگانے والوں سے شواہد مانگ لیے، انھوں نے کہاکہ آپ لوگوں کے منہ بند نہیں کرسکتے، وہ کچھ بھی کسی کے بارے میں کہہ سکتے ہیں لیکن آخر میں آپ کو اپنی بات ثابت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، فکسنگ کے الزامات انتہائی تکلیف دہ ہوتے ہیں، پلیئرز سے فیلڈ میں غلطیاں ہوتیں لیکن ان پر مختلف قسم کے الزامات عائد کیے جانے لگتے ہیں۔ اگرچہ انھوں نے کسی کا نام نہیں لیا مگر اشارہ راناٹنگا کی ہی جانب تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔