وزیر اعظم نے اسحاق ڈار کو ای سی سی میں عہدے سے ہٹا دیا

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 12 اگست 2017
سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری بجلی اور سیکریٹری آبی وسائل کو بھی اجلاسوں میں شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری بجلی اور سیکریٹری آبی وسائل کو بھی اجلاسوں میں شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی، کابینہ کمیٹی برائے توانائی اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین وزیراعظم خود ہوں گے جبکہ وزیر خزانہ اسحق ڈارسے ای سی سی کے چیئرمین کا عہدہ واپس لے لیا گیا۔

وزیراعظم کی مصروفیت یا کسی اور وجہ سے وزیراعظم کی عدم موجودگی کی صورت میں وزیرخزانہ ای سی سی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ای سی سی کے ممبران میں وفاقی وزرا برائے خزانہ، تجارت، مواصلات، صنعت و پیدوار، قانون وانصاف، وفاقی وزیربرائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی، ریلوے، شماریات، آبی وسائل اورنجکاری ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین بھی خود ہوں گے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے ممبران میں وزیر خزانہ، وزیر آبی وسائل اور وزیرریلوے شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور سیکریٹری ٹو وزیراعظم بھی کمیٹی کے ممبران میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرمملکت برائے پٹرولیم اور بجلی کوخصوصی دعوت پر کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاسوں میں بلایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری بجلی اور سیکریٹری آبی وسائل کو بھی اجلاسوں میں شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔