میاں صاحب! آپ ملزم سے مجرم بننے جا رہے ہیں، عمران خان

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 12 اگست 2017
پی ٹی آئی قوم کومتحدکررہی ہے،ہندوکونسل کے راجااسرمال کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پرگفتگو۔ فوٹو: فائل

پی ٹی آئی قوم کومتحدکررہی ہے،ہندوکونسل کے راجااسرمال کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پرگفتگو۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد /  کراچی:  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 5 ججزنے نوازشریف کے خلاف متفقہ فیصلہ دیا، وہ اپنی بیگناہی کا کوئی ثبوت نہ دے سکے، میاں صاحب! آپ پر فرد جرم عائد ہونے جارہی ہے، آپ ملزم سے مجرم بننے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہواجس میں نواز شریف کے عدلیہ سے متعلق بیان کی مذمت کی گئی۔ عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ نوازشریف عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کر رہے ہیں، تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے نوازشریف کے مظلومیت کارڈ کو مسترد کردیا، عوام کو نواز شریف کی چوری پر یقین ہے۔

بنی گالا میں پاکستان ہندو کونسل کے سابق صدر راجااسرمال منگلانی سے ملاقات اورتحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پربات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف قومی جماعت ہے، ہمارے دروازے تمام مذاہب اور مسلک اورزبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے کھلے ہیں،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلیے تحریک انصاف پوری قوم کو متحدکررہی ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کے قیام کا خواب ادھورا رہے گا، بانی پاکستان نے ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی، علاوہ ازیں عمران خان نے 23 اگست کو مردان میں ہونیوالا جلسہ ملتوی کردیا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو دعوت دیتا ہوں 13 اگست کو لیاقت باغ میں جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔ شیخ رشید اور میں مل کر یہ جلسہ کر رہے ہیں، جلسہ کا مقصد ہے کہ قوم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم عدلیہ اور جے آئی ٹی کے  چھ مجاہدوں کے ساتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔