مویشی منڈی میں جانور کی خریداری پر انعامی اسکیم متعارف

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 اگست 2017
جانوروں کی فروخت میں مقابلے کی فضا قائم ہونے سے خریداروں کو فائدہ ہو گا۔ فوٹو: فائل

جانوروں کی فروخت میں مقابلے کی فضا قائم ہونے سے خریداروں کو فائدہ ہو گا۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری پر ڈیپ فریزر کی انعامی اسکیم متعارف کرا دی گئی۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی کے وی آئی پی بلاک 6 میں ایم جی اے فارم کی جانب سے لگائے جانے والے نمائشی ٹینٹ میں قربانی کے جانوروں کی خریداری پر بیوپاری کی جانب سے انعامی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس میں خریدار کو ڈیپ فریزر انعام میں دیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے ایم جی اے فارم کے منیجر اخلاق نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مجموعی طور پر10 لاکھ روپے کی خریداری پر 16 کیوبک فٹ کا ڈیپ فریزر مفت دیا جائیگا۔

منیجر اخلاق نے بتایا کہ انعامی اسکیم متعارف کرانے کا مقصد خریداروں کو فائدہ پہنچانا ہے اور یہ انعامی اسکیم پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر نمائشی ٹینٹ میں فروخت کیلیے 60 قربانی کے جانوروں کو لایا گیا ہے خریداروں کو انعامی اسکیم میں ڈیپ فریزر دییے جانیوالی اس منفرد اسکیم کے بعد مویشی منڈی کے دیگر بیوپاری بھی ایسی انعامی اسکیمیں متعارف کرانے پر غور کررہے ہیں تاکہ انعامی اسکیم کے ذریعے خریداروں کو متوجہ کرسکیں اور اس سے منڈی میں جانوروں کی فروخت میں مقابلے کی فضا سے خریداروں کو فائدہ پہنچے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔