وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مزار قائد پر حاضری

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
وزیر داخلہ احسن اقبال،گورنرسندھ محمدزیبر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم کے ہمراہ تھے فوٹو: اے پی پی

وزیر داخلہ احسن اقبال،گورنرسندھ محمدزیبر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم کے ہمراہ تھے فوٹو: اے پی پی

 کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزار قائد پرحاضری دی ہے اور بابائے قوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں سب سے پہلے انہوں نے مزار قائد پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ وزیر داخلہ احسن اقبال، گورنرسندھ محمدزیبر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تھے۔

فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ انہوں نے لکھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ اسلامی ریاست کی کامیاب جدوجہد کی گئی، قائداعظم محمدعلی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت علیحدہ مملکت کا قیام ممکن ہوا، بابائے قوم کے مزارپرآنا قابل عزت وفخر ہے، میں پاکستان کو پرامن، خوشحال بنانے کے لیے انتھک محنت کروں گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں امن وامان سے متعلق گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈر کراچی، گورنر و وزیراعلیٰ، وفاقی وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں 4 سال کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، ہر قیمت پر صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھی جائے جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری میں تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کا بطوروزیراعظم کراچی کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔