میری نئی فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کاغم بھلادے گی،سلمان خان کا دعویٰ

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
ٹائیگر زندہ ہے روایتی مصالحہ فلم ہے اور اس میں وہ سب کچھ موجود ہے جسے دیکھنے شائقین سینما آتے ہیں ،سلمان خان؛فوٹوفائل

ٹائیگر زندہ ہے روایتی مصالحہ فلم ہے اور اس میں وہ سب کچھ موجود ہے جسے دیکھنے شائقین سینما آتے ہیں ،سلمان خان؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی نئی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی کا غم بھلادے گی۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کیلئے 2017 زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا رواں سال عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ توقع کے خلاف باکس آفس پر ناکام ہوگئی ، سلمان  کو فلم کی ناکامی کی امید نہیں تھی لہٰذا وہ اور فلم کے ہدایت کار کبیر خان مایوسی کا شکار ہوگئے،سلمان خان کے بارے میں یہ تک کہا جانے لگا کہ بڑھتی عمر کے باعث اب سلمان خان مرکزی کرداروں کیلئے موزوں نہیں رہے ، تاہم سلمان کی مایوسی وقتی تھی انہوں نے فلم کی ناکامی کا سوگ منانے کے بجائے آگے بڑھتے ہوئے نئے پروجیکٹس پر کام شروع کردیا ہے اور اب انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی نئی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘نہ صرف باکس آفس پر کامیابی حاصل کرے گی بلکہ ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی کا غم بھی بھلا دے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ فیوز ہوگئی

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران اپنی نئی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایتی مصالحہ فلم ہے اور اس میں وہ سب کچھ موجود ہے جسے دیکھنے شائقین سینما آتے ہیں، جب کہ ’’ٹیوب لائٹ‘‘ سنجیدگی پر مبنی منفرد فلم تھی اور شاید فلم کی انفرادیت ہی کی وجہ سے لوگوں کو پسند نہیں آئی اور باکس آفس پر ناکام ہوگئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد سلمان خان کوایک اوربڑا دھچکا

واضح رہے کہ ’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘ 2013 کی سپر ہٹ فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘کا سیکوئل ہے فلم میں سلمان خان اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ ہدایت کاری کے فرائض علی عباس ظفر نے انجام دئیے ہیں، فلم کی شوٹنگ آسٹریلیا، مراکش اورابو ظہبی سمیت دیگر ممالک میں جاری ہے، فلم 22 دسمبر کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔