دہری شہریت کیس؛ نادیہ گبول اور فرح ناز کے وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
عدالت کا نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کو گرفتار کرکے یکم ستمبر تک پیش کرنے کا حکم فوٹو: فائل

عدالت کا نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کو گرفتار کرکے یکم ستمبر تک پیش کرنے کا حکم فوٹو: فائل

 کراچی: عدالت نے دہری شہریت کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری کردیے۔

سیشن جج جنوبی کراچی کی عدالت میں دہری شہریت کیس میں نااہل قرار دیے گئے ارکان اسمبلی کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ‏عدالت نے پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کو گرفتار کرکے یکم ستمبر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: رحمن ملک، فرح ناز اور نادیہ گبول کی سیشن عدالت میں طلبی

دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے والی ‏ دونوں ملزماؤں کی بریت کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں اور اب ان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی۔ ‏فرح ناز اصفہانی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ علاج کےلیے ملک سے باہر ہیں اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: دہری شہریت کیس، نادیہ گبول نے زر ضمانت جمع کرادی

‏الیکشن کمیشن کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزماؤں کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ دہری شہریت کیس میں صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر دونوں خواتین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ سابق سفیر حسین حقانی کی بیوی فرح ناز اصفہانی امریکا اور نادیہ گبول کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں۔ ستمبر 2012 میں دونوں کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل قرار دے کر ان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر کراچی کی سیشن عدالت میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔