بین الاقوامی مقابلے میں شریک 2 بھارتی ٹینک ناکارہ ہوگئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
دونوں ٹینکوں کی خرابی کے بعد بھارت کی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا گیا — فوٹو فائل

دونوں ٹینکوں کی خرابی کے بعد بھارت کی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا گیا — فوٹو فائل

ماسکو: ماسکو: بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب بین الاقوامی مقابلے میں شریک بھارتی فوج کے 2 ٹینک ناکارہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں انٹرنیشنل ٹینک بیاتھلون میں بھارت سمیت 19 ممالک کے ٹینکس شریک ہیں جو اپنی مہارت دکھارہے ہیں تاہم مقابلے میں شرکت کے لیے آنے والے بھارت کے دونوں ہی ٹینک مکینیکل خرابیوں کا شکار ہوگئے جس کے بعد بھارت کی ٹیم کو ایونٹ سے باہر نکال دیا گیا۔

بھارت نے ایونٹ میں شرکت کے لیے دو روسی ساختہ ٹی 90 ٹینک بھیجے تھے تاکہ اگر ایک ٹینک میں کوئی خرابی آئے تو دوسرا اس کی جگہ تیار ہو تاہم اس کے دونوں ہی ٹینک خراب ہوگئے۔ روس، بیلاروس ، قزاقستان اور چین کی ٹیمیں اب اس ایونٹ کے فائنل میں داخل ہوگئیں ہیں۔ روس اور قزاقستان ٹی 72 بی تھری ٹینکس، بیلاروس ٹی 72 ٹینک، اور چین مقامی ساختہ ٹائپ 96 بی ٹینک کے ساتھ مقابلے میں شریک ہے۔

توقع کی جارہی تھی کہ بھارت اس مقابلے میں مقامی طور پر تیار کیے گئے ارجن ٹینک کو بھیجے گا تاہم آخری لمحات میں روسی ساختہ ٹینکوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔