دنیا کا معمر ترین شخص 113 برس کی عمر میں چل بسا

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
اسرائیل کرسٹل اپنی 114 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل وفات پائے— فوٹو : فائل

اسرائیل کرسٹل اپنی 114 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل وفات پائے— فوٹو : فائل

مقبوضہ بیت القدس: دنیا کے معمر ترین شخص ہونے کا اعزاز رکھنے والے اسرائیل کرسٹل 113 برس کی عمر میں چل بسے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرسٹل اپنی 114 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل وفات پاگئے۔ کرسٹل کو گزشتہ برس دنیا کا معمر ترین شخص قرار دیا گیا تھا اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا تھا۔ کرسٹل کی بیٹی نے بھی والد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کرسٹل 15 ستمبر 1903 کو پولینڈ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے دنیا میں ہونے والی دو عظیم جنگوں کو بھی دیکھا اور زندگی کے کئی عروج و زوال کے شاہد بنے۔ ان کی پہلی بیوی اور دو بچے دوسری جنگ عظیم کے دوران قتل کردیے گئے تھے۔ 1950 میں کرسٹل اسرائیل منتقل ہوئے جہاں انہوں نے دوبارہ اپنا گھر آباد کیا اور کنفیکشری کا کاروبار شروع کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔