سپریم کورٹ نے میاں صاحب کو کرپٹ اور جھوٹا قرار دیکر نااہل قرار دیا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
میاں صاحب جی ٹی روڈ کو بند کر کے کس کو طاقت کا مظاہرہ دکھا رہے تھے، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

میاں صاحب جی ٹی روڈ کو بند کر کے کس کو طاقت کا مظاہرہ دکھا رہے تھے، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

چنیوٹ: چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے میاں صاحب کو کرپٹ اور جھوٹا قرار دیکر نااہل قرار دیا اس لئے اب ان کی جھوٹی سیاست نہیں چلے گی۔

چنیوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 2013 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو ایک منصوبے کے تحت ہرایا گیا لیکن اب ہم پوری تیاری کے ساتھ الیکشن کے میدان میں اتریں گے اور کسی کو بھی دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مزدور دشمن، غریب دشمن اور عوام دشمن حکومت ہے، یہ لوگ صرف اپنی تجوریاں بھرتے ہیں اور بڑے بڑے نمائشی منصوبے بنا کر کک بیکس اور کمیشن وصول کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے، بے روز گاری بڑھ رہی ہے اور ہر طرف کرپشن ہے لیکن میاں صاحب اسے ترقی کہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میاں صاحب! اب لوگ مزید آپ کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، آپ کے جھوٹ کا پول کھل گیا ہے اور اب تو سپریم کورٹ نے بھی آپ کو کرپٹ اور جھوٹا قرار دیکر نا اہل قرار دے دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جی ٹی روڈ کو تین روز تک بند کر کے کس کو طاقت کا مظاہرہ دکھا رہے تھے، میاں صاحب آپ موٹر ویز بناتے بناتے جی ٹی روڈ پر کیسے آگئے، لیکن اب جی ٹی روڈ کی نہیں پاکستان کی سیاست چلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔