ٹرانزٹ پاس کے ذریعے موبائل فونز کی اسمگلنگ کا انکشاف

احتشام مفتی  اتوار 13 اگست 2017
متفرق اشیا کے نام پرسیالکوٹ ڈرائی پورٹ سے کلیئرنس کیلیے کنسائنمنٹ درآمدکیا گیا۔ فوٹو : فائل

متفرق اشیا کے نام پرسیالکوٹ ڈرائی پورٹ سے کلیئرنس کیلیے کنسائنمنٹ درآمدکیا گیا۔ فوٹو : فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے ایک منظم کارروائی میں ٹرانزٹ پاس کی آڑ میں قیمتی موبائل فونزکی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل شوکت علی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مختلف ڈرائی پورٹس کے ذریعے متفرق اشیا پر مشتمل درآمد ہونیوالے کنسائمنٹس میں قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ ہورہی ہے اورایسے کنسائمنٹس کے کنٹینرز کو کراچی میں ہی خالی کرکے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ٹی پی کی آڑ میں درآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرز کراچی میں خالی کرکے اس میں درآمدکنندہ کی جانب سے محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ گڈزڈیکلریشن کے مطابق اشیا رکھ کر مطلوبہ ڈائی پورٹس سے منظم انداز میںکلیئرکرایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل شوکت علی نے ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس ثمینہ تسنیم زہرہ کو ہدایت جاری کیں کہ کسٹمز ڈرائی پورٹس کے ذریعے کسٹمز کلیئرنس حاصل کرنے والے درآمدی کنسائمنٹس کی نگرانی کو سخت کیا جائے جس پر ڈائریکٹر ثمینہ تسنیم زہرہ نے ڈپٹی ڈائریکٹرشاہ فیصل سہوکی سربراہی میں سپرنٹنڈنٹ کسٹمزسیف ہاشمی، انٹیلی جنس آفیسر اکمل ہاشمی ودیگرحکام پرمشتمل ٹیم کو کسٹمز ڈرائی پورٹس پر کلیئرنس کیلیے جانے والے کنسائمنٹس کی نگرانی کا آغاز کیا، نگرانی کی اس مہم کے دوران پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی سے سیالکوٹ کسٹمز ڈرائی پورٹ کیلیے جانے والے کنسائمنٹ کی نگرانی کی گئی جسے سیالکوٹ کے بجائے کراچی میں ہی خالی کیا جانا تھا۔

ذرائع نے بتایاکہ ’’کے کے میٹل انڈسٹریز‘‘ کی جانب سے سیالکوٹ ڈرائی پورٹ سے کلیئرکرنے کیلیے کنسائمنٹ درآمدکیاگیا، درآمدکنندہ کی جانب سے سیالکوٹ کے ٹرانزٹ پاس (ٹی پی) میں موبائل کے بجائے متفرق اشیا درج کی گئیں جبکہ کنٹینر میں قیمتی موبائل فون موجود تھے جنہیں کنٹینر سے نکال کر کراچی کی مقامی موبائل مارکیٹ میں منتقل کیا جانا تھا لیکن اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے سلطان آباد میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر 15 کروڑ روپے مالیت کے 20 ہزار سے زائد قیمتی موبائل فونز سے بھرا کنٹینر اور 2 مزدا ٹرک قبضے میں لیتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے عدالت سے ریمانڈ حاصل کیا جائیگا تاکہ اصل ملزمان کو پکڑا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔