یہ ایک دوسرے کونہیں بلکہ دہشتگردی کونیچا دکھانے کا وقت ہے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2017

کوئٹہ: وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اندرونی اتحاد کو پامال کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں جب کہ یہ وقت ایک دوسرے کونہیں بلکہ دہشتگردی کونیچا دکھانے کا ہے۔

کوئٹہ میں وزیرداخلہ احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت نے پچھلے 4 سالوں میں آپریشن کے تحت فیصلہ کن کارروائیاں کیں جن سے دہشتگردوں کی کمرٹوٹ چکی ہے، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کرکے وجود قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ وقت بھی دورنہیں جب یہ کارروائیں بھی ختم ہوجائیں گی، دشمن نہیں جانتا کہ پاکستان ایسی بزدلانہ حملوں سے نہیں ڈرتا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اورہمیں اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے، کچھ سیاسی عناصرمسلسل اس کوشش میں ہیں کہ پاکستان داخلی طور پرکمزورہوجائے تاہم وہ لوگ جو چند سالوں سے اندرونی اتحاد کو پامال کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہی پاکستان کے دشمن ہیں،  وہ قوم کو تقسیم کرنے کے درپرہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  کوئٹہ دھماکا، واقعے کے بعد علاقے کی فضا تاحال سوگوار

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم ایک طرف بڑی بڑی قربانیاں دے رہے ہیں ، ہم نے آپریشن ضرب عضب اور اب آپریشن ردالفساد کے تحت کامیابیاں حاصل کیں جب کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آگے بھی بڑھ رہے ہیں، یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا نہیں بلکہ دہشتگردی کو نیچا دکھانے کا ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قوم نے مل کر ہر سطح پر لڑنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا دشمن بہت چالاک ہے جو واضح عزائم رکھتا ہے، ہمیں مکمل اتحاد کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنا ہے، مل کر ملک کے مستقبل کے حوالے سے آگے بڑھنا ہے اوروفاقی حکومت تمام صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے گی۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ ہمارےعزم کو بڑھاتا ہے، 2013 میں دہشت گرد چڑھائی پر تھے اورریاست محاصرے میں تھی، ہمارے سیکیورٹی کے تمام ادارے چوکس ہیں اوردہشت گرد محاصرے میں ہیں اورہم دہشت گردی کے اس واقعہ سمیت تمام واقعات کےمحرکین تک پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزپشین اسٹاپ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر خود کش حملے میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔