اداروں میں کچھ لوگ پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  پير 14 اگست 2017
ووٹ کی طاقت سے حاصل کیے ملک کو بندوق اور خفیہ طاقت سے چلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے،رانا ثنااللہ 
فوٹو: فائل

ووٹ کی طاقت سے حاصل کیے ملک کو بندوق اور خفیہ طاقت سے چلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے،رانا ثنااللہ فوٹو: فائل

فیصل آباد: وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ اداروں میں بھی کچھ ایسے لوگ ہیں جو پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں تاہم ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے مارشل لاء کے بعد پاکستان میں لوڈ شیڈنگ بھی آئی اور دہشت گردی بھی، ساری دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان نادہندہ ہوجائے گا لیکن پاکستانی قوم نے دوبارہ نواز شریف کی قیادت میں جدوجہد شروع کی، ابھی جدوجہد اوائل میں تھی کہ دھرنا ون، ٹو اور تھری لایا گیا، ہر دفعہ نئے طریقے سے سازش ہوئی لیکن مقصد ایک ہی ہوتا کہ پاکستان کو کسی طرح پیچھے دھکیلا جائے۔

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف اسلام آباد سے گھر واپسی کا سفر شروع کرتے ہیں تو لاکھوں لوگ استقبال کرتے ہیں جب کہ ایجنسیوں نے کہا خودکش بمبار ریلی کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں، ان کے سفر کے بعد لوگ خیریت سے اپنوں گھروں کو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کی عزت کرتے ہیں، پاکستان کی عدالت ملک میں انصاف فراہم کرنے کی ضامن ہے، اداروں میں بھی کچھ ایسے لوگ ہیں جو پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں تاہم ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے حاصل کیے ملک کو بندوق اور خفیہ طاقت سے چلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، ملک میں ووٹ کے تقدس کو بحال کیا جائے گا جب کہ جو عوام کے حق حاکمیت پر ڈاکہ مارتے ہیں کبھی 70سال میں عوام کے پاس نہیں آئے، وہ جب بھی آتے ہیں 10 ،10 گیارہ گیارہ سال حکومت کرتے ہیں اور پھر باہر چلے جاتے ہیں تاہم اب یہ تماشا ختم ہو کر رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا انقلاب جلاؤ گھراؤ نہیں عوام کے ووٹ سے آئے گا، نواز شریف نے جو تحریک شروع کی ہے اس کو گلی، محلے اور گھر لے کر جانا ہے۔

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک دشمن، عوام دشمن قوتیں ایکسپوز ہوگئی  ہیں، ملک کے دشمن، جمہوریت کے دشمن، ووٹ کے تقدس کے دشمن ایک طرف اور عوام ایک طرف ہو جائیں گے اور اب عوام کو ان کو پہچاننے میں کوئی غلطی نہیں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔