فرنچ میڈیا میں نیمار کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا

اسپورٹس ڈیسک  پير 14 اگست 2017
نیمار کی ٹیم نے فرنچ لیگ میں گوئن گیمپ نامی کلب کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا . فوٹو : فائل

نیمار کی ٹیم نے فرنچ لیگ میں گوئن گیمپ نامی کلب کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا . فوٹو : فائل

پیرس: برازیلین اسٹار نیمار نے فرنچ کلب پیرس سینٹ جرمین کیلیے ڈیبیو کو گول داغ کر یادگار بنالیا۔

یلو شرٹس زیب تن کرنیو الے اسٹرائیکر نے کھیل کے 83ویں منٹ میں ساتھی پلیئر ایڈنسن کیوانی کے لو کراس پاس پر گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کوئی غلطی نہیں کی، ان کی ٹیم نے فرنچ لیگ میں گوئن گیمپ نامی کلب کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا۔

اس کے علاوہ نیمار نے ایک گول بنانے میں دوسرے پلیئر کی مدد بھی کی، ڈیبیو میچ میں اس پرفارمنس پر فرنچ میڈیا نے نیمار کی ستائش کا سلسلہ جاری رکھا، جو 222 ملین یورو کے ورلڈ ریکارڈ معاوضے پر بارسلونا کو چھوڑ کر فرنچ کلب کا حصہ بنے ہیں، وہ اس سے قبل لیگ میں پی ایس جی کے ابتدائی میچ میں دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے۔

فرنچ میڈیا نے اس مقابلے کے بعد بھی نیمار کی ستائش کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ان کے حق میں باتیں لکھیں اور ان کی مسکراتے ہوئے تصاویر کو اپنے اسپورٹس صفحات پر نمایاں جگہ دی ہے، گوئن گیمپ کلب کیخلاف مقابلے میں نیمار نے جنوبی امریکن کھلاڑیوں ایڈینسن کیوانی اور اینجل ڈی ماریا کے ہمراہ ٹیم کی اٹیکنگ تکون میں کردار نبھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔