دورہ اومان؛ جونیئر ہاکی کیمپ کیلیے 58 کھلاڑیوں کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  پير 14 اگست 2017
میرٹ پر انتخاب کیا ہے اور مزید رہنمائی کرکے کھلاڑیوں کی استعداد کو بڑھایا جائیگا، سلیکٹرز کا عزم  . فوٹو: فائل

میرٹ پر انتخاب کیا ہے اور مزید رہنمائی کرکے کھلاڑیوں کی استعداد کو بڑھایا جائیگا، سلیکٹرز کا عزم  . فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کیمپ کیلیے 58 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں میں 5گول کیپرز،6 بل بیکس،13 ہاف بیکس اور 34 فاروڈز شامل ہیں، کامیاب پلیئرز کو 15اگست کو جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ٹیم منیجمنٹ کے مطابق سلیکٹرزنے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پرکیا ہے، امید ہے کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں اپنے عمدہ کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کریں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن ان دنوں مستقبل کے اسٹارکھلاڑی تلاش کرنے میں مصروف ہے، ملک بھر میں ہونے والے ابتدائی ٹرائلز کے بعد مجموعی طور پر 116کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جن کی مزید فٹنس اور گیم میں مہارت دیکھنے کیلیے3 روزہ ٹرائلز کا اہتمام ایک بار پھر کیا گیا۔

جوہرٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹرائلز کی نگرانی قمر ابراہیم، احسان اللہ اور علیم رضا نے کی۔ 12اگست سے شروع ہونے والے ان ٹرائلز میں سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا اور گزشتہ روز کے حتمی ٹرائلز کے بعد 58کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، اس موقع پر منصور احمد، محمد ثقلین، محمد عثمان اور ریحان بٹ بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔