یوم آزادی پر کراچی کے شہریوں کی 15 ارب روپے کی ریکارڈ خریداری

بزنس رپورٹر  منگل 15 اگست 2017
گزشتہ برس  10ارب روپے کی خریداری کی گئی تھی . فوٹو : آن لائن

گزشتہ برس  10ارب روپے کی خریداری کی گئی تھی . فوٹو : آن لائن

 کراچی: جشن آزادی کے موقع پر کراچی کی عوام نے 15 ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کرکے جذبہ حب الوطنی کی تاریخ سازمثال رقم کردی۔

یوم آزادی کے لیے کراچی کے شہریوں کی جانب سے 5 کروڑ جھنڈے خریدے گئے۔ خریداری سرگرمیوں کا آغاز 15 روز قبل ہوا جو 13 اگست کی شب تک جاری رہی، شہر میں سیکڑوں مقامات پر قومی پرچموں اور سبزہلالی لباس کی فروخت کیلیے پتھارے، اسٹالز اور ٹھیلے لگائے گئے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیرمین عتیق میر نے بتایا کہ گزشتہ سال شہریوں نے 10 ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کی تھی جب کہ رواں سال عوام کا جوش و خروج قابلِ دید تھا جس کی گزشتہ 70 سال میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور تاجروں کی جانب سے آزادی کے جشن کے موقع پر بے مثال بھائی چارے کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہر بڑی مارکیٹ اور محلے میں پرچم کُشائی کی تقریبات، قومی و ملّی نغمات اور قومی ثقافتی رقص کے پروگرام پیش کیے گئے۔ لاتعداد دعوتوں کا اہتمام، مٹھائی تقسیم اور ہزاروں کیک کاٹے گئے، بازاروں میں جھنڈے، ٹی شرٹس، بیجز، کیپس، غبارے، چوڑیاں، ماسک، جھنڈیاں، کانوں کے بندے، بنیانیں، دوپٹے، ملّی نغموں کی سی ڈیز، آتشبازی کا سامان، فیس پینٹنگ ، بچوں کی عینکیں، کڑے، پھول، پتیاں اور دیگر اشیا کی بھرپور خریداری کی گئی۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر بیشتر بازار، عمارتیں اور مکان لائٹنگ، برقی قمقموں اور رنگین جھالروں سے سجائے گئے۔ ملّی نغموں پر مشتمل موسیقی کے پروگرام اور قومی پرچم لہرانے کی ہزاروں تقریبات منعقد کی گئیں، کاروں، بسوں، ٹرکوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور موٹر سائیکلوں پر قومی جھنڈے آویزاں کیے گئے۔ انہوں نے قوم کے جذبہ حب الوطنی کو ملک کے روشن مستقبل، سلامتی اور بقا کیلیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 13اگست کی رات عید الفطر کی چاند رات سے زیادہ پر رونق تھی، بوڑھے، جوان اور بچے ملی نغموں کی دھن پر ناچتے، گاتے، جھومتے اور تھرکتے رہے لاکھوں افراد ریلیوں کی شکل میں رات بھر سڑکوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے اور ہر گلی اور محلے میں قومی گیت اور ملّی نغمات کی گونج سنائی دی۔

عتیق میر کا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں پرچم کُشائی کی ہزاروں تقریبات منعقد کی گئیں جوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تھیں۔ کروڑوں روپے آتش بازی اور پرچم کُشائی کی تقریبات پر خرچ کیے گئے۔ شہر کی ہر گلی اور بازار میں قومی پرچموں اور قومی رنگ کے لباسوں کے اسٹالز سجائے گئے۔ شہریوں اور تاجروں نے ملک فوج اور رینجرز سے والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی بحالی کے تحت فوج اور رینجرکے کردار کو سراہتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے شہر میں تقریبات اور ونقوں میں اضافے کا سبب امن و امان کی صورتحال میں بہتری کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی عید الفطر کے بعد ملک کا دوسرا بڑا تہوار بن گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔