انگلش کرکٹ کے 54 سالہ کومب کے آخری اوور میں 40 رنز

اسپورٹس ڈیسک  منگل 15 اگست 2017
240 ہماری لیگ میں ایک مشکل ترین ہدف قرار دیا جاتا اور ہم مطلوبہ رن ریٹ سے آگے نہیں پہنچ پائے تھے، کومب۔ فوٹو : فائل

240 ہماری لیگ میں ایک مشکل ترین ہدف قرار دیا جاتا اور ہم مطلوبہ رن ریٹ سے آگے نہیں پہنچ پائے تھے، کومب۔ فوٹو : فائل

 لندن:  آکسفورڈ شائر کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک میچ میں 54 سالہ اسٹیو میک کومب نے آخری اوور میں 40 رنز جڑ کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔

اسٹیو میک کومب نے یہ کارنامہ ڈورچیسٹر آن تھامیس کرکٹ کلب کی جانب سے سوئن بروک کے خلاف میچ میں انجام دیا۔ 241 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی ان کی ٹیم کو کامیابی کیلیے آخری 6 گیندوں پر 35 رنز کی ضرورت تھی اور وکٹ پر 54 سالہ اسٹیو میک کومب موجود تھے۔

کومب نے میہائی کیوکس کی پہلی گیند پر چھکا جڑا تاہم امپائر نے نوبال ہونے کا اشارہ بھی دے دیا، اگلی یعنی پہلی قانونی گیند کو انھوں نے ایک بار پھر فضائی راستے سے باؤنڈری کے باہر اچھال دیا، اس طرح ایک قانونی گیند پر 13 رنز بن گئے تھے، اگلی ڈاٹ بال ثابت ہوئی، تیسری پر کومب نے چوکا جڑا، اگلی گیند کو بھی چوکے کیلیے باؤنڈری کی سیر کرائی تاہم اس کو بھی نوبال قرار دیا گیا، اب باقی بچنے والی تینوں گیندوں پر کومب نے چھکے جڑ کر اپنی ٹیم کو حیران کن فتح سے ہمکنار کردیا۔

اسٹیو میک کومب کا کہنا تھا کہ یہ آخر میں ایک حیران کن میچ ثابت ہوا۔ 240 ہماری لیگ میں ایک مشکل ترین ہدف قرار دیا جاتا اور ہم مطلوبہ رن ریٹ سے آگے نہیں پہنچ پائے تھے، میرے پاس آخری اوور میں کھونے کو کچھ نہیں تھا، اگرچہ باؤنڈریز بڑی نہیں تھیں مگر کامیابی کا امکان پھر بھی کم تھا، کئی برس سے میرا ایک ٹخنہ بھی مصنوعی ہے، اس لیے میں وکٹ کے درمیان زیادہ بہتر طور پر بھاگ بھی نہیں سکتا، اس لیے میں نے باؤنڈریز جڑنے کا فیصلہ کیا اور اس میں کامیاب بھی رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔